فٹبال ورلڈ کپ روس میں شہریوں پر متعدد پابندیاں

ایک شہر سے دوسرے میں آنے پر شائقین کو پولیس رجسٹریشن کرانا ہوگی


ایک شہر سے دوسرے میں آنے پر شائقین کو پولیس رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فٹبال ورلڈکپ کے دوران خصوصی پابندیاں عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دیں گی جب کہ وینیوز کے آس پاس شراب کی فروخت ممنوع قرار دے دی گئی۔

14جون سے شروع ہونے والے فٹبال کے عالمی میلے میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلیے حکومت کی جانب سے سخت ترین اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،ان کی وجہ سے عام شہریوں کیلیے بھی مسائل پیدا ہوںگے، کسی بھی شہر میں شائقین کیلیے مختص علاقوں میں میچ سے ایک روز قبل ہی نہ صرف شراب بلکہ شیشے کی بوتل میں کسی بھی مشروب کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پارکس اور ریلوے اسٹیشنز کی دکانوں کو بھی اس قانون کی پابندی کرنا ہوگی،پولیس کسی بھی ملکی یا غیر ملکی کو نشے کی حالت میں پائے جانے پر پکڑ کر خصوصی سیل میں رکھنے کی مجاز ہوگی، سفر کرنے والے شائقین کو ایک سے دوسرے شہر پہنچ جانے کے بعد3روز میں پولیس رجسٹریشن کرانے کا پابند کیا گیا ہے،اگر کوئی غیر ملکی ایک ہی شہر میں دوبارہ آئے تو ایک بار پھر اسی مرحلے سے گزرے گا،اگر کوئی نجی فلیٹ میں رہائش اختیار کرے تو مالک رجسٹریشن کرانے کا پابند ہوگا۔

یاد رہے کہ اس قانون کی وجہ سے کئی صحافی پہلے ہی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں۔ میزبان شہروں میں میچز کے سوا عوامی اجتماعات اور جلسوں جلوسوں کی بھی سختی سے ممانعت کردی گئی ہے،سیاحتی دوروں کو محدود کرنے کے ساتھ تفریحی مقاصد کیلیے استعمال ہونے والی کشتیوں کو بھی دریائوں میں اتارنے کی اجازت نہیں ہوگی،ورلڈکپ کے دوران 41مقامات سے پروازوں کی آمدورفت بھی معطل رہے گی۔

میزبان شہروں کے گرد 100کلومیٹر کی حدود میں ڈرون کیمروں کا استعمال ممنوع ہوگا،آرمی اسٹیڈیمز کے اطراف میں جیمرز بھی نصب کرے گی،ایک میزبان شہر کے میئر نے تو شہریوں کو غیر ضروری نقل وحرکت سے گریز کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کسی اور علاقے میں جانے کا مشورہ دیدیا ہے،جنگلات اور آس پاس میں آگ لگنے کے خطرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے باربی کیو پارٹیز پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

بلو جرسیوں کی فروخت، فرانس نے برازیل کو بھی پیچھے چھوڑدیا

فرنچ فٹبال نے ورلڈ کپ سے قبل شائقین میں مقبولیت کا مقابلہ جیت لیا، دنیا بھر میں بلو جرسیاں اب تک سب سے زیادہ فروخت ہوئی ہیں، اگرچہ برازیلین جرسی بھی شائقین کی فیورٹ ہے۔

فرنچ فٹبال فیڈریشن کی ویب سائٹ کے مطابق اسپورٹس برانڈ کی تیار کردہ فرانس کی آفیشل شرٹ کی قیمت 85 یورو ہے ، دنیا بھر میں اس کا اسٹاک ختم ہوگیا اور ہم ڈیمانڈ کے مطابق فراہم نہیں کرپا رہے، فرانس سردست اس معاملے میں برازیل سے آگے ہے۔

انگلینڈ کو روس میں ملکی شائقین فٹبال کی سیکیورٹی پر فکر لاحق

انگلینڈ کی پارلیمینٹری کمیٹی نے آئندہ ہفتے شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے دوران روس میں ملکی شائقین کی سیکیورٹی پر تشویش کااظہار کیا ہے، قانون دانوں کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے سیاہ فام ، ایشین اور اقلیتی پس منظر رکھنے والے شہریوں کو روس میں زیادہ خطرہ ہوگا۔

اندازے کے مطابق 10 ہزار انگلش شائقین فٹبال ورلڈ کپ کیلیے روس کا سفر اختیار کریں گے، یورو 2016 فٹبال چیمپئن شپ کے دوران مارسیلی میں روسی اور انگلش شائقین کے درمیان پُرتشدد واقعات پیش آچکے ہیں،فارن افیئرز کمیٹی کی سربراہی کرنے والے ٹام ٹیوگن ہاٹ نے کہاکہ وزارت خارجہ اور کامن ویلتھ آفس اس سلسلے میں روس سے تمام ضروری سیکیورٹی پر یقین دہانی حاصل کرے۔

انگلینڈ نے وارم اپ میچ میں کوسٹاریکا کو 2-0 سے آئوٹ کلاس کردیا

انگلینڈ نے ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں کوسٹاریکا کو 2-0 سے آئوٹ کلاس کردیا، مارکس ریشفورڈ نے کھیل کے 13ویں منٹ میں کھاتہ کھولا جبکہ 76ویں منٹ میں ڈینی والبیک نے گیند کو جال میں پہنچاکر ٹیم کی برتری دگنی کردی، ٹیم نے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ 10 میچز تک دراز کرلیا ہے،ریشفورڈ نے عمدہ کھیل پیش کرکے انگلش منیجر گیراتھ سائوتھ گیٹ کو مشکل میں ڈال دیا۔

کپتان ہیری کین عمومی طور پر جیمی وارڈی کے ہمراہ میچ کی شروعات کرتے ہیں، ایسے میں ریشفورڈ کو مواقع کم ملتے ہیں لیکن پریکٹس میچ میں ان کے عمدہ کھیل نے کوچ کو مختلف انداز سے سوچنے پر مجبور کردیا، دیگر وارم اپ مقابلوں میں پرتگال نے الجیریا کو 3-0 سے قابو کیا، آئس لینڈ اور گھانا کا میچ 2-2 سے برابر رہا جبکہ جنوبی کوریا نے بولیویا سے بغیر کسی گول کے مقابلہ ڈرا کرلیا۔

ارجنٹائن کے لینزینی ایونٹ سے باہر

ویسٹ ہام کی نمائندگی کرنے والے ارجنٹائنی فٹبالر مینوئل لینزینی کو اسپین میں ٹریننگ کے دوران گھٹنے کی انجری پیش آگئی،وہ ورلڈ کپ میں شریک نہیں ہوپائیں گے، اس کا اعلان ارجنٹائن فٹبال فیڈریشن نے کیا، 25 سالہ مڈفیلڈر کو اب طویل وقت تک سائیڈ لائن رہنا پڑے گا، لیورپول نے بھی ان کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، مینوئل لینزینی کی انجری ارجنٹائنی کوچ جورج سیمپائولی کیلیے بڑا دھچکا ہے، وہ ان کا اولین انتخاب تھے۔

پارک میں فین زون کی تعمیر،ماسکو یونیورسٹی کے طلباکا بھرپوراحتجاج

ماسکو کی ٹاپ یونیورسٹی کے باہر ورلڈ کپ فین زون بنائے جانے پر ہزاروں طلبا نے احتجاج کیا، ان کا کہنا ہے کہ فٹبال میچز کے دوران پارٹی کرنے والے شائقین یونیورسٹی کے باہر قائم سرسبز گرائونڈ کو خراب کردیں گے۔

ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی حکومت کے اس اقدام پر خوش نہیں ہے، یونیورسٹی کے باہر اس وسیع علاقے میں 25 ہزار شائقین بڑی اسکرینوں پر میچز بغیر ٹکٹ دیکھ پائیں گے،وہاں کنسرٹس اور تفریحی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے، یہ فین زون یونیورسٹی کی مرکزی بلڈنگ سے متصل پارک میں قائم کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں