ہمارے درمیان اختلافات نہیں ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر مصباح و حفیظ کا اعلان

چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹیم بھر پور محنت کر رہی ہے، قوم کو خوشخبری دیں گے، کپتان


Numainda Express April 27, 2013
چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹیم بھر پور محنت کر رہی ہے، قوم کو خوشخبری دیں گے، کپتان فوٹو: فائل

سرگودھا میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور نائب محمد حفیظ نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر عوام پر واضح کردیا کہ ان میں کوئی اختلاف نہیں، میڈیا پر آنے والی خبریں حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔

مصباح نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹیم بھر پور محنت کر رہی ہے اور اللہ نے چاہا تو قوم کو خوشخبری دینگے، سرگودھا اسپورٹس اسٹیڈیم میں تقریب کے موقع پر مصباح نے کہا کہ ٹیم 11 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتی ہے، ہر کوئی گیم پلان کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا ہے، کسی کو تیز اور کسی کو وکٹ پر رک کر کھیلنے کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے، لیکن کرکٹ سے نابلد بعض لوگ صرف چھکے چوکے کو ہی کھیل تصور کرتے ہیں، انھیں اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ کریز پر کھڑے رہنا کتنا اہم ہوتا ہے۔



اس موقع پر محمد حفیظ نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں ناقص کارکردگی پر مجھے بھی بہت افسوس ہے لیکن اب بھرپور محنت کررہا ہوں، چیمپئنز ٹرافی میںقوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے سرگودھا میں کرکٹ کھیلنا شروع کی تو سہولتوں کا فقدان تھا، خود ہی وکٹ تیار کرتے اور بعدازاں میچز کھیلتے لیکن اس تجربے نے اتنا سکھا دیا کہ انٹرنیشنل مقابلوں میں وکٹ دیکھتے ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ کتنا ہدف فتح کیلیے کافی ہوگا۔

اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے عوام کے سامنے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر بتایا کہ دونوں میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم دونوں کا تعلق ایک ہی ڈویژن سے ہے،اسی کے ساتھ ہم اچھے دوست بھی ہیں، اختلافات کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں