سیف علی خان ایک اور مشکل میں پھنس گئے

سیف علی خان کو کالے ہرن شکار کیس کے بعد اب جنگلی خنزیر شکار کیس میں بھی طلب کیا گیا ہے۔


June 09, 2018
سیف علی خان جنگلی خنزیر شکار کی تحقیقات میں اہم گواہ ہیں،ممبئی پولیس۔فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کو کالے ہرن شکار کیس کے بعد اب جنگلی خنزیر شکار کیس میں بھی طلب کرلیا گیا۔

سیف علی خان نے 19 سال قبل 1998 میں راجستھان کی ریاست جودھ پور میں فلم ''ہم ساتھ ساتھ ہیں''کی شوٹنگ کے دوران اجازت نہ ہونے کے باوجود نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا جس پر وہاں کی مقامی کمیونٹی کی جانب سے کیس دائر کرنے کے بعد عدالت نے سیف علی خان سمیت، سلمان خان اداکارہ سونالی باندرے، تبو اوراداکارہ نیلم کو طلب کیا تھا اور حال ہی میں اس کیس میں سلمان خان کو تو سزا سنائی گئی تاہم سیف علی خان سمیت دیگر کو بری کردیا گیا تھا مگر اب بلغاریہ میں جنگلی خنزیر کے غیر قانونی شکار میں سیف علی خان کو بیان ریکارڈ کرنے کے لئے طلب کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بلغاریہ پولیس نے کچھ روز قبل ایک ایجنٹ کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد بلغاریہ حکومت کی جانب سے انٹر پول کے ذریعے سیف علی خان کا بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست کی گئی تاہم ممبئی کرائم برانچ کے باندرہ یونٹ نے بطور گواہ سیف کا بیان قلم بند کرلیا۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ انٹر پول سے رابطہ ہونے کے بعد پتہ چلا کہ سیف علی خان جنگلی خنزیر شکار کی تحقیقات میں اہم گواہ ہیں جس کے بعد باندرہ یونٹ نے اُن کے گھر جا کر بیان ریکارڈ کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کالے ہرن شکار کیس میں سلمان خان ضمانت پر رہا

ذرائع کے مطابق بلغاریہ پولیس نے جس ایجنٹ کو گرفتار کیا ہے اُس نے بغیر کسی لائسنس اور اجازت نامے کے سیف علی خان کے لئے شکار کا انتظام کیا تھا اور بغیر اجازت شکار کرنے کی وجہ سے انٹرپول نے اداکار سے کیس پر تفصیلات طلب کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں