سپریم کورٹ کے حکم پر شہباز شریف کے گھر ن لیگ سیکرٹریٹ کے باہر سے بنکر اور چوکیاں ختم

شہباز شریف کی رہائش گاہ اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر قائم بنکر اور رکاوٹیں بھی ہٹادی گئیں

شہباز شریف کی رہائش گاہ اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر قائم بنکر اور رکاوٹیں بھی ہٹادی گئیں فوٹو:فائل

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر بنکر اور چیک پوسٹوں کا خاتمہ کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں ماڈل ٹاؤن میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ڈی آئی جی لیگل عبدالرب نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر بتایا کہ تجاوزات ہٹانے سے متعلق حکم پر عملدرآمد جاری ہے اور مکمل رپورٹ کل عدالت میں پیش کریں گے۔


یہ بھی پڑھیں: لاہور میں جاتی امرا سمیت 26 اہم مقامات سے سیکیورٹی رکاوٹیں ہٹا دی گئیں

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ماڈل ٹاؤن میں تمام غیر ضروری تجاوزات ہٹا دیں، تمام برجیاں ختم کر دیں، ماڈل ٹاؤن میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق رپورٹ کل عدالت میں جمع کروائیں۔

عدالتی حکم پر متعلقہ حکام نے مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر بنکر اور چیک پوسٹوں کا خاتمہ کردیا جب کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ 96 ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن کے باہر قائم بنکر اور رکاوٹیں بھی ہٹادی گئیں۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق رکاوٹیں اور بنکر ہٹانے کے لئے ضلعی حکومت، مقامی پولیس اور ٹریفک پولیس کی نفری نے آپریشن میں حصہ لیا۔
Load Next Story