ڈھاکا میں عمارت گرنے سے ہلاک افراد کی تعداد 340 ہوگئی

فیکٹری میں اب تک متعدد لوگ پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ریسکیو حکام۔


ویب ڈیسک April 27, 2013
فیکٹری میں اب تک متعدد لوگ پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ریسکیو حکام۔ فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش میں گزشتہ دنوں بوسیدہ عمارت کے گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 340 ہوگئی ہے جبکہ فیکٹری کے دونوں مالکان نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈھاکا میں گرنے والی عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی لاشوں اور ممکنہ زخمیوں کو نکالنے کے لئے تیسرے دن بھی ریسکیو ٹیمیں امدادی کام جاری رکھے ہوئے ہیں، فیکٹری کے ملبے سے اب تک 340 افراد کی لاشوں کو نکالا جاچکا ہے جن میں سے اکثریت خواتین کی ہے۔ حفاظتی دستے نے پھنسے ہوئے لوگوں تک آکسیجن کے سلینڈر اور پانی پہنچانے کی کوشش کی ہے تاکہ انھیں وہاں سے نکالے جانے تک ان میں زندگی کی رمق باقی رہ سکے۔


دوسری جانب فیکٹری کے مالکان محبوب الرحمن اور صمد عدنان نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ ڈھاکا پولیس کی نائب سربراہ شیامی مکھرجی کا کہنا ہے کہ ان دونوں پر لاپرواہی برتنے کا الزام ہے، فیکٹری مالکان نے مبینہ طور پر عمارت میں شگاف نظر آنے کے باوجود عملے کو کام جاری رکھنے پر مجبور کیا۔


واضح رہے کہ رانا پلازہ نامی 8 منزلہ عمارت میں 4 فیکٹریاں قائم تھیں جہاں 6000 افراد روزگار سے منسلک تھے۔ مقامی انتظامیہ نے اس عمارت کو پہلے ہی مخدوش قرار دے دیا تھا تاپہم اس کے باوجود اس میں کام جاری تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں