ایشین گیمز قومی فٹبالرز کی تربیت کا پہلا مرحلہ آج مکمل ہو گا

کھلاڑی جم ٹریننگ کرنے کے بعد گھروں کو روانہ ہوجائیں گے۔


Sports Reporter June 11, 2018
20 جون کو دوبارہ غیر ملکی کوچ جوز انٹونیو کو رپورٹ کریں گے۔فوٹو : فائل

ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے پاکستان فٹبال ٹیم کے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ آج کو ختم ہوگا۔

3 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان فٹبال ٹیم کی قومی اور انٹرنیشنل سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوچکی ہیں، گرین شرٹس کو پہلے مرحلے میں رواں برس انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شیڈول ایشین گیمز کا چیلنج درپیش ہے، ایشیائی ایونٹ میں عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے غیر ملکی کوچ جوز انٹونیو نوگیورا نے پاکستانی کوچز کے ساتھ مل کر کراچی میں ہونے والے چیلنج کپ کے میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے کر60 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی جن کا کیمپ لاہور میں لگایا گیا۔

کیمپ کا حصہ بننے والے پلیئرز میں غضنفر یاسین، مہدی حسن، محمد سہیل، سفیان آصف، محمد سہیل خان، منصور خان، فیصل (پاکستان ایئرفورس)، مزمل حسین، عبدالباسط، سعادت حسین، عمر حیات، محسن علی، محمد بلال، علی عزیر، عدیل علی، احمد فہیم، شہرام بابر، محمد احمد (واپڈا)، احسان اللہ، ثاقب حنیف، تنویر ممتاز، محمود خان، صدام حسین، سعداللہ، رزاق، حبیب الرحمن، وقار بلوچ، امجد حسین (سوئی سدرن گیس)، استقلال (پاکستان پیٹرولیم)، شہباز یونس (آرمی)، مبشر (اسٹیٹ لائف)، علی خان، وسیم، زین، زید عمر، نعمان (پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی)، عثمان خان، فیصل اقبال، ثنا اللہ، مقبول، منیر جونیئر، شیر علی (نیشنل بینک)، ارسلان علی، محمد شاہد، عمیر علی، رجب علی، عبدالقدیر خان، یوسف، محمد عادل، دانش حمید (خان ریسرچ لیبارٹری)، ریاض احمد، محمد رسول، مرتضیٰ حسین، وسیم شہزاد (کے الیکٹرک)، محمد عثمان محکم، شاہ زیب مسعود ( پی آئی اے)، نوید احمد (نیوی) اور باسط امین (سوئی نادرن گیس) شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان 60 کھلاڑیوں میں سے 16 کھلاڑیوں کو فارغ کر دیا گیا ہے جس کے بعد کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی تعداد 44 رہ گئی ہے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ پیر کو قومی ٹیم کے کھلاڑی ماڈل ٹائون فٹبال اکیڈمی لاہور میں رات کو 10بجے ٹریننگ کریں گے، غیرملکی کوچ پی ایف ایف کی سلیکشن کمیٹی کیساتھ مل کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد مزید کھلاڑیوں کی اسکروٹنی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پیر کو کھلاڑی صبح کے اوقات میں جم ٹریننگ کریں گے جس کے بعد کیمپ کا پہلا مرحلہ ختم ہو جائے گا، 20 جون کو کھلاڑی ایک بار پھرکیمپ میں دوبارہ رپورٹ کریں گے تاہم دوسرے مرحلے میں44 کی بجائے35 کے قریب کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن 3 سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی بار انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں 18 اگست سے 2 ستمبر تک شیڈول ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ ایشین ایونٹ میں فٹبال سمیت 40 گیمز کے ہزاروں کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

قومی ٹیم کی اگلی صلاحیتوں کا امتحان ساف فٹبال چیمپئن شپ ہے جو بنگلہ دیش میں 4 تا 15ستمبر تک کھیلی جائے گی، اس ایونٹ میں بنگلہ دیش سمیت بھوٹان، بھارت، مالدیپ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ایونٹ میں بھارتی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں