ڈیپ کنورژن آئل ریفائنریز کیلیے ٹیکس چھوٹ کا اعلان

چھوٹ کااطلاق مرمت،بحالی،قیام،مشینری،گاڑیوں،پلانٹس،آلات ودیگرسازوسامان پرہوگا


خبر ایجنسی June 11, 2018
چھوٹ کااطلاق مرمت،بحالی،قیام،مشینری،گاڑیوں،پلانٹس،آلات ودیگرسازوسامان پرہوگا۔ فوٹو فائل

حکومت مختلف ٹیکسوں اورڈیوٹی میں چھوٹ کے ذریعے نئی جدید ترین ڈیپ کنورژن آئل ریفائنریز کے قیام پرتوجہ دے رہی ہے جب کہ حکومت نے ان ریفائنریز کے قیام کیلیے سرچارج، تمام ڈیوٹیوں اورلیویز کے استثنیٰ کے ساتھ ساتھ 20 سالہ مدت کا حامل انکم ٹیکس ہالیڈے کا اعلان بھی کیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ ٹیکس استثنیٰ کا اطلاق ریفائنری کی مرمت، بحالی، قیام اورآپریشن کیلیے درکار مشینیری، گاڑیوں، پلانٹس، آلات اور دیگر فاضل ساز و سامان پر ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس پیکج میں پہلے سے دی گئی سہولتیں بھی شامل ہیں، ڈیپ کنورژن کے ذریعے تیل صاف کرنے کی صلاحیت کو1 لاکھ بیرل یومیہ تک بڑھایا جائے گا۔

گزشتہ چند برسوں میں تیل وگیس کے شعبے پر توجہ دینے کے نتیجے میں پاکستان تیل کی پیداوار اور اسے صاف کرنے کے شعبے میں خودکفالت کی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق2015 میں بائیکو پٹرولیم نے ملک میں پہلے پیداواری یونٹ قائم کردیا جہاں 1 لاکھ 20 ہزار بیرل یومیہ تیل صاف کرنے کی استعداد ہے، اسی طرح ٹرانس ایشیا نامی ایک کمپنی بھی ایک آئل ریفائنری قائم کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حال ہی میں حکومت نے پاک عرب ریفائنری کمپنی کو خلیفہ کوسٹل آئل ریفائنری پروجیکٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس ریفائنری میں یومیہ 2 لاکھ 50 ہزاربیرل تیل صاف کرنے کی گنجائش ہوگی۔واضح رہے کہ اس وقت ملک میں 6 آئل ریفائنریز کام کررہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں