عوام ڈنڈا بردار شریعت کو ہرگز قبول نہیں کریں گے الطاف حسین

ہم غریبوں کی آہیں اسی طرح نکلتی رہیں تو کہیں خدانخواستہ پاکستان کے وجود ہی کو خطرہ لاحق نہ ہوجائے، الطاف حسین

ہم جمہوری حق سے ہرگزدستبردار نہیں ہوں گے اورنہ ہی دہشت گردوں کے حامیوں کو اپنا مینڈیٹ ہائی جیک کرنے دیں گے، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد قتل وغارت گری سے اسلام پھیلانا چاہتے ہیں لیکن عوام ایسی شریعت کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

لندن سے نواب شاہ میں جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی کی مذموم کارروئیاں کر کے روشن خیال جماعتوں کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے اور دہشت گرد چاہتے ہیں کہ عوام اے این پی ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے جلسوں میں نہ جائیں لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم اپنے جمہوری حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور نہ ہی دہشت گردوں کے حامیوں کو اپنا مینڈیٹ ہائی جیک کرنے دیں گے۔ الطاف حسین نے آبدیدہ ہوکر کہا کہ ہم غریبوں کی آہیں اسی طرح نکلتی رہیں تو کہیں خدانخواستہ پاکستان کے وجود ہی کو خطرہ لاحق نہ ہوجائے۔


ایم کیوایم کے قائد نے کہا کہ انتخابی سرگرمیاں صرف پنجاب میں جاری ہیں اور وہ دعا گو ہیں کہ یہ سرگرمیاں جاری رہیں، ہم دہشت گردوں کی کارروائیوں کے باعث شہید ہونے والے اپنے کارکنوں کی قبروں پر پھول نچھاور کررہے ہیں جب کہ پنجاب میں جلسوں میں پھول نچھاور کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں دائیں بازو کی انتہا پسند جماعتوں کے بجائے روشن خیال جماعتوں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔

الطاف حسین نے گزشتہ روز مومن آباد میں اے این پی کے انتخابی دفتر پر ہونے والے بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک اور زخمیوں کی جلد صحت کے لئے دعا گو ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story