سلمان نے بوبی دیول کو اکشے کمار سے بڑا اداکار قرار دے دیا

اداکار بوبی دیول کو اُن کے غلط فیصلوں نے ناکام بنا دیا تھا، سلمان خان


ویب ڈیسک June 11, 2018
اداکار بوبی دیول کو اُن کے غلط فیصلوں نے ناکام بنا دیا تھا، سلمان خان۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ سلطان سلمان خان کا کہنا ہے کہ بوبی دیول ماضی میں ایکشن ہیرو اکشے کمار سے بھی بڑے اداکار تھے۔

تھرل اور ایکشن سے بھرپور فلم 'ریس ' کے تیسرے سیکوئل کا مداحوں کو جہاں بے چینی سے انتظار تھا وہیں کچھ نئے اور پرانے اداکاروں کی انٹری نے فلم میں مزید جان ڈال دی ہے۔ سلمان خان نے ماضی کے نامور اداکار بوبی دیول کے ڈوبتے کیرئیر کو سہارا دے کر اداکار کو فلم میں ایک موقع فراہم کیا اور سلمان نے بوبی کو ماضی کی اداکاری کے سبب اکشے کمار سے بڑا اداکار قرار دیا۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ سلطان سلمان خان کا بوبی دیول کے حوالے سے کہنا تھا کہ بوبی دیول اور مجھے پہلی بار فلم 'لندن ڈریم' میں ایک ساتھ کاسٹ کیا گیا تھا لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا کیوں کہ بوبی اس طرح کی فلم پہلے کرچکے تھے اس لیے انہوں نے معذرت کرلی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سلمان خان کی ایکشن فلم 'ریس تھری' کا ٹریلر جاری

سلمان خان نے مزید کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب اکشے اور بوبی کو ایک ہی درجے کا ہیرو سمجھا جاتا تھا، حقیقت کہوں تو بوبی دیول کو اکشے سے بڑا اداکار مانا جاتا تھا لیکن اکشے کی محنت اور لگن نے انہیں اس مقام پر پہنچا دیا جب کہ بوبی کو اُن کے غلط فیصلوں نے ناکام بنایا اور انڈسٹری کا دستور بھی یہی ہے کہ جو باکس آفس پر کامیاب رہا ہر کوئی اسی کے گن گاتا ہے اور یہی سب کچھ برعکس بھی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سلمان خان کا فلم 'ریس تھری ' کیلیے انوکھا تحفہ

واضح رہے کہ معروف کوریو گرافر ریمو ڈی سوزا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ریس تھری' میں جیکولین کے علاوہ انیل کپور، بوبی دیول اور ثاقب سلیم بھی دکھائی دیں گے جب کہ فلم 15 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔