کراچی ایم کیو ایم کے دفتر کے قریب 2 دھماکے2 افراد جاں بحق20 سے زائد زخمی

دھماکا ایم کیو ایم کے یونٹ آفس 132 اورامام بارگاہ کے قریب ہوا،دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دوردور تک سنائی دی

دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی ڈھائی نمبر میں ایم کیو ایم کے یونٹ آفس کے قریب یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلا دھماکا ایم کیو ایم کے یونٹ آفس نمبر 132 کے قریب ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جبکہ دوسراعلی امام بارگاہ کے قریب موٹر سائیکل سے دستی بم پھینکنے سے ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی اور علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا تاہم خوش قسمتی سے دھماکے کے وقت یونٹ آفس بند تھا جس سے جانی نقصان کم ہوا۔ دھماکے سے قریبی مسجد، گاڑیوں، دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔


دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنے شروع کردیئے ہیں جبکہ زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت عباسی شہید اور قطر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں بال بیئرنگ، کیلیں اور چھرے استعمال کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز بھی نصرت بھٹو کالونی میں ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جبکہ گزشتہ روز اے این پی کی کارنر میٹنگ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 10 سے زائد افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
Load Next Story