فٹ بال ورلڈ کپ شائقین کا جوش و خروش آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگا

نیمار کے ہمراہ برازیل کا ’سوٹڈ بوٹڈ‘ دستہ سوچی میں اتر گیا، صلاح کی مصری ٹیم کا چیچن شہر گروزنی میں ٹھکانہ۔


نیمار کے ہمراہ برازیل کا ’سوٹڈ بوٹڈ‘ دستہ سوچی میں اتر گیا، صلاح کی مصری ٹیم کا چیچن شہر گروزنی میں ٹھکانہ۔ فوٹوـ: سوشل میڈیا

فٹبال ورلڈ کپ کیلیے شائقین کا جوش وخروش آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگا، میگا ٹرافی کے مضبوط دعویدار روس پہنچ گئے۔

فیفا ورلڈ کپ کا آغاز جمعے سے روس میں ہورہا ہے، زیادہ تر فیورٹ ٹیموں نے میزبان ملک کا رخ کرلیا۔ پیر کو برازیلین اسکواڈ بھی روس پہنچ گیا،اہم ترین پلیئر نیمار کو مکمل طور پر فٹ ہونے کا چیلنج درپیش ہے،ٹیم نے سوچی میں لینڈ کیا، تمام کھلاڑی سیاہ سوٹس اور شوز میں ملبوس تھے، وہ بلیک سی ریزورٹ میں قیام کریں گے،ان کا روایتی روسی ملبوسات پہنے فنکاروں نے استقبال کیا۔

برازیل کے سپر اسٹار نیمار کا پاؤں فروری میں پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے کھیلتے ہوئے ٹوٹ گیا تھا جس کی وجہ سے انھیں تین ماہ تک کھیل سے دور رہنا پڑا، وہ اب بھی مکمل فٹنس حاصل کرنے کیلیے جدوجہد کا شکار ہیں۔اپنے آخری وارم اپ میچ میں آسٹریا کو 3-0 سے شکست دینے کی وجہ سے برازیل کی ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ جرمن سائیڈ منگل کو پہنچے گی۔

یہ ٹورنامنٹ ایک ایسے موقع پر ہورہا ہے جب مغربی ممالک اور روس کے دوران سیاسی تناؤ عروج پر پہنچ چکا۔ ایونٹ میں ایک بڑا سوالیہ نشان مصر اور لیورپول کے اسٹرائیکر محمد صلاح کی شرکت کے بارے میں ہے، وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ اتوار کو چیچن دارلحکومت گروزنی پہنچے، جہاں پر ٹریک سوٹ میں ملبوس چیچن لیڈر رمضان قادروف نے صلاح کو گلے لگا کر استقبال کیا۔

ٹیم ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ بدستور صلاح کے کندھے میں تکلیف ہے۔ عالمی درجہ بندی میں 70 ویں نمبر پر موجود روسی ٹیم پر بھی دباؤ بہت زیادہ بڑھ چکا جو افتتاحی مقابلے میں 80 ہزار تماشائیوں کے سامنے سعودی عرب کا مقابلہ کرے گی،وہ گذشتہ 7 میچز کے دوران ایک بار بھی فتح کا منہ نہیں دیکھ سکی ہے۔

آفریدی جرمنی کو سپورٹ کریں گے، سرفراز نے برازیل کوفیورٹ قرار دیدیا

فیفا ورلڈ کپ میں شاہد آفریدی جرمنی کو سپورٹ کریں گے،سرفراز احمد نے برازیل کو اپنی فیورٹ ٹیم قرار دیدیا، شاہد آفریدی نے کہا کہ فٹبال مجھے بہت پسند اورشروع سے ہی میری فیورٹ ٹیم جرمنی ہے، اس مرتبہ بھی اسے سپورٹ کروں گا۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے برازیل کو اپنی فیورٹ ٹیم قرار دیتے ہوئے اس کی جیت کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

رونالڈو ورلڈ کپ ٹرافی کیلیے پرتگال ٹیم کے ساتھ سخت محنت کرنے لگے

کرسٹیانو رونالڈو اپنی سی وی میں ورلڈ کپ ٹرافی کے اضافے کیلیے پرتگال ٹیم کے ساتھ سخت محنت کررہے ہیں، ان کی ٹیم کراتوف میں موجود ہے جہاں پیر کو بھی اس نے ٹریننگ کی، پرتگال ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 15 جون کو سوچی میں اسپین کے خلاف میچ سے کرے گا۔

رونالڈو اس سے قبل پرتگال کو یوروکپ میں بھی کامیابی سے ہمکنار کرچکے اور اب ان کی نگاہیں میگا ٹرافی پر مرکوز ہیں۔

روس کا مذاق اڑانے والے سنگر پرفارم کرینگے

فیفاورلڈ کپ کے افتتاح کے موقع پر برطانوی پاپ اسٹار روبی ولیمز اپنے فن کا جادو جگائیں گے، ایوارڈ وننگ سنگر اپنے معروف سنگل 'اینجلز' کی وجہ سے خاص طور پر شہرت رکھتے ہیں، وہ روس اور سعودی عرب کے درمیان افتتاحی میچ سے قبل میزبان سوپرانو آئیدہ گاری فولینا کے ساتھ گانا گائیں گے، توقع کی جارہی ہے کہ وہ اس موقع پر اپنا معروف نمبر 'لیٹ می انٹرٹین' بھی گائیں گے۔

44 سالہ روبی ولیمز نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ورلڈ کپ کے موقع پر پرفارم کرنا ان کا بچپن کا خواب تھا اور انھیں یقین ہے کہ یہ ناقابل فراموش شو ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ 2 برس قبل ان کے ایک گانے ' پارٹی لائیک رشین' نے روس میں تنازع کو ہوا دی تھی جس میں خاص طور پرورلڈ کپ کے میزبان ملک کو دقیانوسی قرار دیا گیا تھا۔ اس گانے میں یہ بول بھی شامل تھے کہ روس کے ایک لیڈر نے اپنی قوم کی جیبیں کاٹ کر اور سکے جمع کرکے اپنا خلائی اسٹیشن قائم کرلیا ہے۔ بعد میں ولیمز نے ٹویٹر پر اپنے شائقین سے کہا تھا کہ اس گانے میں جس لیڈر کا حوالہ انھوں نے دیا وہ روس کے موجودہ صدر ولادیمیر پیوٹن نہیں ہیں۔

گزشتہ برس انھوں نے روس کے سرکاری ٹی وی کو دیے گئے ایک پروگرام میں مزاحیہ انداز میں 'یورو وژن' مقابلہ گلوکاری میں روسی نمائندگی کی پیشکش بھی کی تھی۔ فیفا نے اپنے اعلامیہ میں افتتاح کے موقع پر روبی ولیمز کے پرفارم کرنے کی تصدیق کرنے کے ساتھ اعلان کیا کہ 'او فینومینو' کے عرفیت سے مشہور برازیل کے سابق اسٹرائیکر رونالڈو بھی افتتاحی تقریب میں حصہ لیں گے۔

مصر نے فیفا سے سرکاری ٹی وی کے لیے نشریاتی حقوق کا مطالبہ کردیا

مصر نے فیفا سے سرکاری ٹی وی کیلیے ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق کا مطالبہ کردیا۔ مصری ٹیم 28 برس میں پہلی بار میگا ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے تاہم یہاں پر میچز صرف مصرف کے ایک 'پے ٹی وی' نیٹ ورک پر ہی دکھائے جائیں گے جس سے عام لوگ مقابلوں سے لطف اندوز نہیں ہوسکتے۔ مصر کی مسابقتی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہم نے فیفا سے سرکاری ٹی وی پر میگا ایونٹ کی نشریات کیلیے درخواست کا فیصلہ کیا ہے۔

فٹبال ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں پیلے کی شرکت مشکل

سابق برازیلین فٹبالر پیلے کی جمعرات کو روس میں شروع ہونے والے افتتاحی تقریب میں شرکت مشکل ہے، ان کا مجوزہ دورئہ روس خرابی صحت کی وجہ سے پہلے ہی منسوخ کیا جا چکا، ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ پیلے بدستور بیمار ہیں، ان کی ٹانگوں میں تکلیف اورچلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا ہے، پیلے کی شرکت کے حوالے سے صورتحال منگل تک واضح ہونے کا امکان ہے۔

بھارتی فٹبال شائق نے گھر کو ارجنٹائنی رنگ میں ' رنگ ' دیا

ورلڈ کپ کی آمد کے ساتھ ہی بھارت میں فٹبال کا جنون عروج پر پہنچ گیا، ارجنٹائن ٹیم کے ایک پرستار نے اپنے گھر کو ارجنٹائنی پرچم سے رنگ دیا، وہ لیونل میسی کو انتہائی پسند کرتے ہیں۔

کولکتہ کے رہائشی شب شنکر پیٹرا کا کہنا ہے کہ وہ لیونل میسی کو میراڈونا کا بہترین متبادل خیال کرتے ہیں، میری فیملی کا ہر فرد میسی کا پرستار ہے، چائے کا اسٹال لگانے والے پیٹرا اگرچہ روس جاکر ورلڈ کپ میں اپنے فیورٹ کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے تھے لیکن مالی وسائل آڑے آگئے، انھوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلیے انھوں نے 60 ہزار روپے جمع کیے تھے لیکن وہ ناکافی رہے،اب وہ ارجنٹائن کے میچز ٹی وی پر دیکھ کر جشن منائیں گے۔

محمد صلاح یوروگوئے کے خلاف پہلے میچ میں حصہ نہیں لیں گے

مصرکے سپر اسٹار محمد صلاح یوروگوئے کے خلاف پہلے میچ میں حصہ نہیں لیں گے، روس آمد کے بعد وہ پہلے ٹریننگ سیشن کے دوران بھی بنچ پر ہی بیٹھے رہے، ٹیم ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ابھی تک ان کے کندھے میں تکلیف اور جمعے کو شیڈول پہلے مقابلے میں شرکت کا امکان کم ہے۔ دوسری جانب خود صلاح کافی پُرجوش ہیں، انھوں نے کہاکہ میں نے اس ایونٹ کیلیے بہت تیاری کی ہے، میرے حوصلے کافی بلند ہیں، میں یہ نہیں کہہ سکتاکہ ورلڈ کپ میں ہماری ٹیم کا سفر کہاں تک ہوگا مگر کھلاڑیوں کے جذبات بلند اور مجھے یقین ہے کہ ہم یہاں پر اچھے نتائج حاصل کرپائیں گے۔

یاکاترنبرگ؛ اتھارٹیز نے سیکیورٹی کے نام پر لوگوں کوگھروں پرمحصور کردیا

ورلڈ کپ کے میزبان روسی شہر یاکاترنبرگ میں اتھارٹیز نے سیکیورٹی کے نام پر لوگوں کو اپنے گھروں پر ہی محصور کردیا۔ یہاں پر میگا ایونٹ کے 4 میچز کھیلے جائیں گے، اسٹیڈیم کے گرد 3 میٹر بلند لوہے کی جالیوں والی دیوار کھڑی کردی گئی جس کی نگرانی کیلیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔

اسٹیڈیم کے گرد موجود بلڈنگز کے رہائشیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ میچ کے روز نہ تو اپنی بالکونیاں استعمال کریں اور نہ ہی کھڑکیاں کھولیں بلکہ کھڑکیوں کے قریب بھی کھڑے نہ ہو، غلطی کی صورت میں وہ پولیس کے شارپ شوٹرز کی گولیوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم کی وجہ سے زیادہ ریڈ کارڈزکا امکان

ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم کی وجہ سے ورلڈ کپ میں زیادہ ریڈ کارڈ دکھائے جانے کا امکان ہے۔ ایک تازہ ترین تحقیق میں خبردار کیا گیاکہ وی اے آر کی وجہ سے جب کسی بھی واقعے کا سلو موشن پر جائزہ لیا جاتا ہے تو وہ رئیل ٹائم ویڈیو کے مقابلے میں کسی بھی چیز کو زیادہ واضح طور پر دکھاتا ہے، اس کی بنیاد پر زیادہ ریڈ کارڈ دکھائے جا سکتے ہیں۔

36 برس بعد ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پیرو کی فٹبال ٹیم روس پہنچ گئی

ورلڈ کپ میں 36 برس بعد پہلی بار شریک ہونے والی پیرو کی فٹبال ٹیم روس پہنچ گئی،اس سے قبل اسکواڈ نے اسپین میں 1982 کے ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا، ماسکو پہنچنے پر پلیئرز اور ٹیم اسٹاف کو شائقین کی بڑی تعدادنے ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا، پیرو کی ٹیم سوئیڈن کے شہر گوئتھن برگ سے ماسکو آئی تئی، پیر کو اس نے کیمکی اسٹیڈیم میں قائم اپنے بیس سینٹر پر ٹریننگ بھی کی، ٹیم کا ابتدائی معرکہ 16 جون کو ڈنمارک کیخلاف ہوگا،گروپ ' سی ' میں شامل پیروکو دیگر میچزمیں فرانس اور آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہوگا۔

شائق نے سیلفی کے چکر میں بازو صلاح کے زخمی کندھے پر رکھ دیا

شائق نے سیلفی کے چکر میں اپنا بازو مصری فٹبالر محمد صلاح کے متاثرہ کندھے پر رکھ دیا، مصر کی ٹیم کے بس میں سوار ہوتے وقت ایک شائق نے ان کے ساتھ سیلفی کی درخواست کردی اور پھر جوش و خروش میں یہ بھول گیا کہ صلاح کا کندھا انجرڈ ہے، اس نے اپنا بازو صلاح کے کندھے پر رکھ دیا جس پر فٹبالر کے چہرے پر تکلیف دکھائی دینے لگی ، انھوں نے شائق کو کندھے سے ہاتھ ہٹانے کو کہا، اس موقع پر ایک سیکیورٹی اہلکار نے مداخلت کی اور صلاح کو وہاں سے لے گیا۔

لوزنیکی اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام اختتامی مراحل میں داخل

فیفا ورلڈ کپ کے افتتاحی معرکے کے میزبان لوزنیکی اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام اپنے اختتامی مراحل میں ہے، صرف چھوٹی چیزوں کو درست کیا جارہا ہے، اسٹیڈیم کے باہر ایک بڑی ٹی وی اسکرین بھی نصب کردی گئی۔ اسی وینیو پر روس اور سعودی عرب کے درمیان میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کیلیے 6 نئے اسٹیڈیمز تعمیر کیے گئے جبکہ 2کی تعمیر نو و تزئین و آرائش کی گئی جس میں لوزنیکی اسٹیڈیم بھی شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔