رُومی کی ڈائری
آپ کو پتہ ہے ہم اسکول جاتے ہوئے پاکستان کا جھنڈا دیکھ کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں میں بھیا اور بابا۔
میرا نام محمد خالد حسن رُومی ہے آپ چاہیں تو مجھے رومی بھی بلا سکتے ہیں اور دل چاہے تو خالد۔ میری عمر سات برس ہے۔ میں کلاس 2 میں پڑھتا ہوں میرے بڑے بھائی محمد اویس حسن ہیں وہ 5 ویں کلاس میں پڑھتے ہیں ان کی عمر دس سال ہے میری اماں کہتی ہیں کہ میں 8ویں سال میں اور بھیا11 ویں سال میں چلے گئے ہیں۔ یہ بات میری سمجھ میں نہیں آتی!سوری میں آپ کو بتانا بھول گیا کہ میری چھوٹی بہن بھی ہے امرس فاطمہ وہ سوا دو سال کی ہے بہت مزے مزے کی باتیں کرتی ہے۔
اصل میں آپ سے ایک پرابلم شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ چونکہ میں7 سال کا ہوں ابھی چھوٹا ہوں مجھے گاڑی چلانی نہیں آتی آفس نہیں جا سکتا اور بہت ساری ایسی چیزیں جو مجھے کرنی نہیں آتیں۔ اسی لیے سب کہتے ہیں تم بچے ہو ۔ وہ تو میں ہوں بچہ لیکن میں بہت تیز بھاگتا ہوں اپنے اسکول میں سب سے تیز مجھےLeopard (چیتا) بہت اچھا لگتا ہے۔
آپ کو پتہ ہے ابا جی مجھے چیتا اور بھیا کو شیر کہتے ہیں۔ یہ مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔ لیکن Problem یہ ہے کہ مجھے سمجھ یہ نہیں آتی کہ یہ جو بڑے ہوتے ہیں وہ اتنا لڑتے کیوں ہیں؟ بابا اور اماں کی بھی اکثر لڑائی ہو جاتی ہے۔ پھر وہ اونچا بولنے لگتے ہیں چاہے کمرے میں بھی ہوں لیکن چیخنے چلانے کی آواز باہر آ جاتی ہے ٹیچرا سکول میں اونچا بولتی ہے۔
لیکن یہ سب بچوں کو یہی کہتے ہیں کہ اونچا نہیں بولتے چپ کر کے بیٹھو پھر آپ نے نیوز چینل دیکھے ہیں کبھی وہ سب بھی بیٹھ کر بہت غصے میں اونچا اونچا بولتے ہیں سب ناراض لگتے ہیں۔ کبھی کبھی لڑنے بھی لگتے ہیں میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ ہم اتنا اونچا کیوں بولتے ہیں ناراض کیوں ہیں لڑائی کیوں کرتے ہیں اور بابا اتنی خبریں کیوں دیکھتے ہیں۔ پھر دھماکوں کی خبریں بہت زیادہ ہیں آرمی کے سولجرز بھی شہید ہوتے ہیں بچے اور بڑے بھی۔ پتہ نہیں کیوں! جب میں پوچھوں تو سب کہتے ہیں کہ تم ابھی بچے ہو ۔ ہاں بچہ تو میں ہوں۔
آپ کو پتہ ہے ہم اسکول جاتے ہوئے پاکستان کا جھنڈا دیکھ کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں میں بھیا اور بابا۔ اب تو امرس کو بھی پاکستان زندہ باد کہنا آ گیا ہے۔ ایک اور بات یہ ٹریفک بہت زیادہ جام ہو جائے تو وہ بسم اللہ پڑھنے سے تھوڑی دیر بعد ٹھیک تو ہو جاتی ہے۔ لیکن وہ انکل جن کی گاڑی کے پیچھے اور آگے پولیس کی گاڑیاں ہوں وہ بہت تیزی سے نکل جاتے ہیں اور باقی ٹریفک رُکی رہتی ہے۔ بھیا بابا سے پوچھتے ہیں کہ یہ کون ہیں۔ یہ اتنی جلدی کیوں چلے جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں یہ منسٹر ہیں وہ پتہ نہیں چیف منسٹر ہیں یا پرائم منسٹر ہیں اور انھیں ضروری کام ہے۔ ضروری کام تو سب کو ہوتا ہے اب میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ ہمارے ساتھ ٹریفک جام میں کھڑے کیوں نہیں ہوتے۔
آپ کو پتہ ہے ہم ایک بار عمرے پر بھی گئے تھے تک دادو جان اللہ تعالی کے پاس نہیں گئی تھیں میں تب 5 سال کا تھا وہاں بھی میں نے ایک بات پوچھی مگر اس کا جواب سمجھ نہیں آیا۔ اب دیکھیں اللہ تعالی سب سے بڑے ہیں۔ سب سے بڑے۔ پھر ان کا گھر اتنا چھوٹا کیوں ہے اور اتنے بڑے اللہ میاں اتنے چھوٹے سے گھر میں کیسے رہ لیتے ہیں بابا کہتے ہیں وہ اللہ میاں ہے کہیں بھی جا سکتے ہیں کہیں بھی رہ سکتے ہیں وہ یہ بھی کہہ رہے تھے اللہ میاں تو دل میں رہتے ہیں دل اللہ تعالی کا گھر ہوتا ہے تب ہی تو سب کہتے ہیں لڑائی لڑائی معاف کرو اللہ کا گھر صاف کرو۔
میں سوچ رہا تھا کہ کہیں ہم اس لیے تو نہیں لڑتے کہ ہم اللہ کے گھر کی Dusting نہیں کرتے اور گھر صاف نہیں رہتا۔ لیکن آپ بتائیے گا ناں! اب دیکھیں ہمارے لاہور میں بڑے بڑے گھر ہیں بہت سارے لوگوں کے تو پھر اللہ تعالی کا گھر چھوٹا کیوں ہے اور وہ وہاں کیوں رہتے ہیں اور اگر وہ دل میں رہتے ہیں تو ہم لڑتے کیوں ہیں بتائیں کیوں! میرے سوال سن کر سب ہنستے ہیں، خوش بھی ہوتے ہیں ایک آنٹی کہہ رہی تھیں کتنا Intelligent بچہ ہے۔ مگر Seriously اچھا جواب نہیں دیتے۔
اب آپ کو پتہ ہے کچھ دن پہلے کیا ہوا انکل عمران خان کل ٹی وی پر کہہ رہے تھے اور ریڈیو پر بھی کہ ہم بنائیں گے نیا پاکستان اور ان کے اشتہار بھی لگے ہوئے تھے کہ 23 مارچ کو بنے لگا نیا پاکستان تو میں نے اپنے بابا سے پوچھا کہ یہ نیا پاکستان کس جگہ بنائیں گے۔ تو وہ کہنے لگے کہ نئے پاکستان میں کرپشن نہیں ہو گی۔ لڑائی نہیں ہو گی۔ سب پاکستان کا خیال رکھیں گے۔ ایک دوسرے کا خیال رکھیں گے ویسے میں نے بابا کو یہ نہیں بتایا کہ مجھے یہ بھی نہیں پتہ کہ کرپشن کیا ہوتی ہے۔
خیر میں دل میں سوچنے لگا کہ نیا پاکستان بنے گا تو پرانا پاکستان کہاں جائے گا۔ میں نے ان سے کہا کہ پرانا پاکستان کہاں جائے گا۔ تو وہ کچھ دیر خاموش ہو گئے پھر مسکرائے بھی۔ انھیں میرا سوال بھی اچھا لگا لیکن جواب نہیں ملا۔ پھر میں نے اپنے کزن علی سے پوچھا وہ بھی کلاس2 میں پڑھتا ہے کہ پرانے پاکستان کا کیا ہو گا اگر نیا پاکستان بنا تو۔ اور پرانا پاکستان ہے کہاں تو وہ کہنے لگا کہ پرانا پاکستان پہلے انڈیا میں ہوتا تھا ۔
اور وہ ایک دن شہباز شریف انکل کہہ رہے تھے کہ یہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان نہیں ہے مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ کونسا پاکستان قائد اعظم اور علامہ اقبال کا نہیں ہے نیا پاکستان یا پرانا پاکستان میرا دل نہیں مانتا کہ پرانا پاکستان انڈیا میں ہے۔ علی کہہ رہا تھا کہ اس نے Social Studies کی بک میں پڑھا ہے کہ پرانا پاکستان پہلے انڈیا میں ہوتا تھا۔ کیا ایسا نہیں ہو سکتا کہ پاکستان پاکستان میں ہی رہے پتہ نہیں میں کیا باتیں کر رہا ہوں بچہ ہوں نا 7 Years Old لیکن آپ سب تو بڑے ہیں مجھے آسان لفظوں میں بتائیے گا کہ نیا پاکستان کہاں ہے اور پرانا پاکستان کہاں ہے پلیز جلدی بتائیے گا۔
ہوسکتا ہے کہ آپ کے گھر میں بھی کوئی رُومی ہو اور اسے بھی اپنے سوالوں کے آسان جواب نہ ملتے ہوں۔ ہاں۔ مجھے بڑا ہونے سے بھی ڈر لگتا ہے کیونکہ بڑے لڑتے بھی ہیں اور اونچا بھی بولتے ہیں کیا میں بھی بڑا ہو کر ایسا ہی کروں گا ہم بچے تو ہنستے ہیں، کھیلتے ہیں، ناراض ہوتے ہیں اور پھر جلدی سے مان بھی جاتے ہیں، اچھا آپ وہ نئے اور پرانے پاکستان والی بات کا جواب ضرور دیجیے گا۔ آسان والا۔ جو مجھے سمجھ آ جائے 7 Years Old بچے کو۔