آرمی چیف کی کابل میں افغان صدر اور جنرل جان نکلسن سے ملاقات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کابل کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، آرمی چیف نے افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کابل کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ون آن ون ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جنرل قمر باجوہ نے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور کمانڈر اتحادی فوج جنرل جان نکلسن سے بھی ملاقات کی۔
وفود کے درمیان ملاقات میں کئی اہم امور کا احاطہ کیا گیا ان میں بالخصوص افغانستان میں مصالحتی عمل کے لیے حال ہی میں کی گئی کوششوں ، غیر محفوظ سرحد کے باعث داعش اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے معاملات، اسمگلنگ اور منشیات کے پھیلاؤ پر بات ہوئی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے افغان حکام کو رمضان اور عید کے موقع پر حالیہ امن اقدامات پر مبارک باد دی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں امن اور استحکام کا حصول ممکن ہونے کے بعد اب انہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے سماجی اور اقتصادی ترقی کی کوششوں پر توجہ دی جاری ہے۔
جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ امید ہے کہ امن اور استحکام کے لیے حال ہی میں اتفاق رائے سے جاری افغانستان پاکستان ایکشن پلان پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ کوششوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ باڑ دونوں اطراف کے لوگوں کے لیے نہیں بلکہ دہشت گردی کی جانچ پڑتال کے لیے لگائی جارہی ہے۔