سی این جی سیکٹر نے ہفتے میں 5 روز گیس فراہمی کا مطالبہ کردیا

شعبہ تباہی کے دہانے پرپہنچ گیا، لوڈشیڈنگ شیڈول پر فوری طور پر نظرثانی کی جائے

ایسوسی ایشن بجلی گیس فراہمی بڑھانے کیلیے تجاویز دے چکی، عمل نہیں کیا جارہا، غیاث پراچہ۔ فوٹو: فائل

سی این جی اسٹیشنز مالکان نے 5 روز گیس فراہمی کا مطالبہ کردیا ہے۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین سپریم کونسل غیاث عبداللہ پراچہ نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سی این جی سیکٹر کے لوڈ شیڈنگ شیڈول پر زمینی حقائق کے مطابق فی الفور نظرثانی کی جائے جس کے تحت ہفتے میں 5 روز سی این جی اسٹیشنز کو بلارکاوٹ گیس فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ طویل دورانیے سے سی این جی اسٹیشنز کوایک ماہ میں 18 روز گیس کی ترسیل بند ہونے اور باقی ماندہ 12 ایام میں16 گھنٹوں کی طویل لوڈ شیڈنگ نے سی این جی کو تباہی سے دوچار کردیا ہے۔


ایسوسی ایشن قومی مفاد میں سابقہ حکومت کی طرح موجودہ نگراں حکومت کو بھی صورتحال میں بہتری کیلیے تجاویزارسال کرچکی ہے لیکن ان تجاویز پر نامعلوم وجوہ کے سبب عمل درآمدنہیں کیا جا رہا ہے۔



انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت شفاف الیکشن کے مینڈیٹ کے ساتھ عام آدمی کے استعمال میں مصنوعات کی ترسیل میں رکاوٹ اور بے قاعدگیوں کا بھی تدارک کرے، ایسوسی ایشن کی تجویز سے 1500 میگاواٹ بجلی بنتی اور سی این جی وجنرل انڈسٹری کو4 روز گیس ملتی جس پر عمل درآمد نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، یوں محسوس ہوتا ہے کہ کیپٹو پاور پلانٹس مالکان کو نوازنے کیلیے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
Load Next Story