رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن 35 ملزمان گرفتار جدید اسلحہ اور غیرملکی فورسز کی وردیاں برآمد

گینگ وار لیڈروں کے گھروں پر چھاپے،فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، بلوچ لبریشن آرمی کا لٹریچر برآمد،مکینوں کو گھروں۔۔۔


Staff Reporter April 28, 2013
لیاری میں رینجرزکی ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان اور خطرناک اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جا رہا ہے۔ فوٹو : محمد ثاقب / ایکسپریس

پاکستان رینجرز سندھ نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے لیاری، پاک کالونی اور ملیر سالار گوٹھ اور کہکشاں سوسائٹی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران35 سے زائد مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں اسلحہ ، راکٹ لانچر ، دستی بم ، مختلف اقسام کے اسلحہ کی گولیوں کے علاوہ بلوچ لبریشن آرمی کا جھنڈا ، لٹریچر اور پاکستان ، امریکا اور بھارتی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے یونیفارم برآمد کر لیے۔

لیاری میں آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی کی گئی، رینجرز اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا،آپریشن ختم ہونے کے بعد لیاری کے مکینوں نے آپریشن کے خلاف احتجاج کیا اور ٹائر نذر آتش کیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز کی بھاری نفری نے ہفتے کی علی الصباح لیاری کے مختلف علاقوں سنگولین ، دبئی چوک ، الفلاح روڈ ، کلاکوٹ افشانی گلی ، گلستان کالونی ، اور چاکیواڑہ سمیت دیگر علاقوں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران ایم 16 رائفل ، 222 رائفل ، سب مشین گن،آر پی ایم سیون ، راکٹ لانچر ، دستی بم ، اعوان گن ، رینجرز اور کمانڈو سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے یونیفارم ، بلوچ لبریشن آرمی کا جھنڈا ، اہم دستاویزات اور دیگر سامان برآمد کر کے21 سے زائد مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر سے لیاری کی فضائی نگرانی کی گئی جبکہ ہیلی کاپٹر سے کچھ کمانڈوز بھی لیاری کے مختلف علاقوں میں اتارے گئے ذرائع کے مطابق آپریشن میں خاتون اہلکاروں کے علاوہ سراغ رساں کتوں کی بھی مدد لی گئی،آپریشن کے دوران رینجرز کی نفری نے رات کی تاریکی میں پورے علاقے کو گھیرے لے کر سخت پہرہ لگانے کے بعد مائیکرو فون کے ذریعے اعلان کیا کہ علاقے کو لوگ اپنے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیں اور کوئی بھی شخص اپنے گھر سے باہر نہ آئے،کسی شخص کے باہر آنے پر فائرنگ کردی جائے گی تاہم لیاری کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کر دی تھی۔



ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران رینجرز کی نفری نے افشانی گلی القادر اسکول کے برابر میں واقع نور محمد عرف بابا لاڈلا اور اسی علاقے میں تاج محمد عرف استاد تاجو کے گھر ، رانگی واڑہ میں ندیم لنگڑا کے گھر ، گل محمد لائن میں یاسر پٹھان اور سکندر سیکو کے گھر ، امن پارک کے قریب شاہد رحمن کے بھائی شکیل کمانڈو اور جاسم گولڈن کے گھر ، دبئی چوک پر بالا لاڈلا کے بھائی زاہد لاڈلا کے گھر ، بہار کالونی میں بابا لاڈلا کے شوٹر فہیم بلوچ اور حکیم بلوچ کے گھر ، سنگو لائن میں آصف کانا ، سعید آباد میں جبار عرف لنگڑا، نوالین میں استاد تاجو کے ڈیرے ، نوالین مل ایریا نمک والی گلی میں شاہد مکس پتی ، نیا آباد میں شیراز کامریڈ سمیت دیگر جرائم پیشہ عناصر کے گھروں کی تلاشی کے دوران امریکن اور انڈین کمانڈوز کے یونیفارم کے علاوہ بلوچ لبریشن آرمی کا لٹریچر ، واکی ٹاکی ٹیلی اسکوپ اور 3 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لیں۔

ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے مذکورہ گھروں سے چھاپے کے دوران بھاری تعداد میں طلائی زیورات ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کیا ہے جبکہ گھر کا دیگر سامان جو ملزمان نے لوٹ مار اور بھتے کی رقم سے جمع کیا تھا توڑ پھوڑ دیا،رینجرز کے آپریشن کے دوران نامعلوم افراد نے عید گاہ گراؤنڈ اور آٹھ چوک کے قریب مورچہ بند فائرنگ کے جواب میں رینجرز نے بھی فائرنگ کی جس کی زد میں آکر نعیم اور ساجد پٹھان زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں نعیم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، صبح 5 بجے شروع کیا جانے والا آپریشن صبح ساڑھے 10بجے تک جاری رہا۔

رینجرز کا آپریشن ختم ہونے کے بعد لیاری کے مکینوں نے رینجرز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آٹھ چوک سمیت دیگر علاقوں میں ٹائر جلائے اور نعرے بازی کی مظاہرین کا کہنا تھا کہ رینجرز کی نفری گھروں سے لوٹ مار کر کے گئی ہے خواتین کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان اپنے ساتھ لے گئی اور جو سامان وہ لے جا نہ سکے اسے توڑ دیا۔

دوسری کارروائی میں رینجرز کی نفری نے پاک کالونی بڑا بورڈ کے قریب ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ملیر سالار گوٹھ اور کہکشاں سوسائٹی میں آپریشن کے دوران10مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، رینجرز ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران 9 افراد کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کے28 ہتھیار، 237 راؤنڈ ، بلوچ لبریشن آرمی کا جھنڈا ، ایک این وی جی ، ایک بینو، 3 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں