دھمکیوں کے باعث سیکیورٹی کے موثراقدامات کی ضرورت ہےکمشنر

دہشت گردوں کی حوصلہ شکنی کے لیے پولیس کا پٹرولنگ نظام مزیدفعال کرنا ہوگا.

شعیب صدیقی کی زیرصدارت اجلاس،انتخابات کوپرامن بنانے کی حکمت عملی پرغور. فوٹو:فائل

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی زیرصدارت انتخابات کے انعقاد کو منصفانہ ،آزادانہ ، شفاف اور پر امن بنانے کے سلسلے میں اقدامات پر غورکرنے اور مشترکہ حکمت عملی تیارکر نے کے سلسلے میں کمشنر کراچی کے دفتر میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی ون کامران شمشاد ، ڈی آئی جیز ،ریجنل الیکشن کمشنر الیکشن کمیشن تنویر ذکی، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ مصطفی جمال قاضی، ڈپٹی کمشنرایسٹ سمیع صدیقی،ڈپٹی کمشنر سینٹرل ڈاکٹر سید سیف الرحمن،ڈپٹی کمشنر ویسٹ گنہور علی لغاری ، ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمد ، سینئر سپر نٹنڈنٹس آف پولیس ، انٹیلی جنس اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تحت گذشتہ انتخابات کے مقابلے میں الیکشن کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ پہلے کے مقابلے میں دھمکیاں زیادہ ہیں، الیکشن کے حوالے سے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، مسائل اور وسائل کو اپنے درمیان حائل نہیں کرنا ہوگا۔




انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں،تخریب کاروں اورشرپسندعناصر کی حوصلہ شکنی کے لیے پولیس کا پٹرولنگ نظام مزیدفعال کرنا ہوگا اور پیٹرولنگ عوام کو نظر آنا چاہیے،الیکشن کے پرامن انعقاد کے لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان انٹیلی جینس شیئرنگ اور باہمی رابطوںکو مربوط اور مستحکم بنایا جائے،الیکشن کمیشن کی جانب سے تشکیل کردہ ضابطہ اخلاق برائے انتخابات 2013 میں شامل ہر نکتے پر مکمل عمل درآمد کرانے کی ہر ممکن کو شش کی جائے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹیلی جینس شیئرنگ میں ڈسٹرکٹ لیول کی شمولیت کو بھی یقینی بنایاجائے۔

انھوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز رات کو اپنے اپنے متعلقہ ڈسٹرک میں مشترکہ طور پر پیٹرولنگ کریں گے جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنے اپنے متعلقہ پولیس افسران کے ہمراہ دن اور رات کے اوقات میںگشت کریں گے اورامن وامان کی صورت حال کو بہتر بنائیں گے، اجلاس میں اس بات سے بھی اتفاق کیا گیا کہ الیکشن کے موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے مختلف اداروںسے رضا کارانہ فورس اورگاڑیوں کی فراہمی کے لیے کہا جائے گا۔

کیونکہ الیکشن قومی فریضہ ہے جس میں ہر شخص و ادارے کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہوگا،پولیس اورسول انتظامیہ الیکشن کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات سے آگہی کے سلسلے میں میڈیا سے رابطے میں رہیں گے،اس موقع پر ریجنل الیکشن کمشنر تنویرذکی نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے انتظامات کے سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنر ز کا کردار مثالی ہے، ضلعی انتظامیہ کراچی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر انہیںپورا بھروسہ اور اطمینان بھی ہے ،کمشنر کراچی نے کہا کہ باہمی تعاون اور خفیہ مفید معلومات کا تبادلہ پر امن اور شفاف الیکشن کی ضمانت ہیں۔
Load Next Story