آصف زرداری اورمسلم لیگ نسے کبھی کسی قسم کااتحاد نہیں ہوسکتا عمران خان

آئین کے مطابق کوئی مجرم صدر نہیں بن سکتا اس لئے آصف علی زرداری سے کبھی حلف نہیں لوں گا، عمران خان


ویب ڈیسک April 28, 2013
مولانا فضل الرحمان ثابت کردیں کہ میں یہودی لابی سے پیسے لیتا ہوں تو سیاست چھوڑ دوں گا،عمران خان۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان منافق آدمی ہیں، آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) سے کبھی کسی قسم کا اتحاد نہیں ہو سکتا۔

سرگودھا میں جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ انہیں پیپلزپارٹی کی موجودہ حالت پر بہت افسوس ہے، اب یہ ذوالفقار علی بھٹو کی جماعت نہیں رہی، صدر آصف زرداری کے خودکش حملے سے پارٹی کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ میاں صاحب پانچ باریوں کے بعد چھٹی باری لینے کے لئے تیار بیٹھے ہیں لیکن ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ واحد سیاستدان ہیں جس پر قوم اندھا اعتماد کرتی ہے، جتنی رقم انہیں ملتی ہے کسی پاکستانی سیاستدان کو نہیں ملتی، قوم نے شریفوں کو ایک بار پیسہ دیا لیکن نہ قرض اترا اور نہ ہی ملک کو سنوارا گیا۔ بجلی کے بحران نے ملک کی میعشت کا پہیہ روک دیا ہے، ٹیوب ویل بند پڑے ہیں اور زراعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ شہباز شریف کی ذمہ داری تھی کہ وہ بجلی پیدا کرتے لیکن وہ تو پنکھا جھلنے میں مصروف ہیں۔ اقتدار میں آکر فیکٹریاں اور اثاثے بنانا جرم ہے بیرون ملک میں اس جرم میں سیاستدان جیل چلا جاتا ہے لیکن پاکستان میں صورت حال مختلف ہے، تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے کیونکہ اس جماعت کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کے اثاثے ملک میں ہیں۔

اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ ملک میں ہونے والی دہشتگردی اور سیاسی جماعتوں کے امیدواروں پر ہونے والے بم دھماکوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ دہشتگرد دھماکے نہ کریں، سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے دیں کیونکہ انتخابات ہی نئے پاکستان کی تشکیل کا واحد راستہ ہیں۔ الیکشن مہم نہیں چلائی جاسکے گی تو ہماری طرح کی جماعت کامیاب بھی نہیں ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں موسیقی نہیں قومی ترانے ہوتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان کو ان پر الزام لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیئے، وہ منافق آدمی ہیں، مولانا فضل الرحمان اگر ثابت کردیں کہ وہ یہودی لابی سے پیسے لیتے ہیں تو اسی وقت سیاست چھوڑ دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ان پر الزام لگایا جارہا ہے کہ وہ آصف زرداری کے ساتھ مل گئے ہیں حالانکہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ساڑھے 3 سال اکٹھے حکومت کرتے رہے بلوچستان میں 5 سال ساتھ رہے ، پہلے انہوں نے آصف زرداری کو ہر مرحلے پر بچایا جب سپریم کورٹ نے این آر او کو کالعدم قرار دیا تو انہوں نے عدالت کے بجائے آصف زرداری کی حمایت کی ۔ آئین کہتا ہے کہ صوبے اپنے ضرورت کے مبابق بجلی خود بنا سکتے ہیں لیکن یہ مینار پاکستان میں پنکھا جھلتے رہےاور جنگلہ بس منصوبے پر 40 ارب روپے لگا دیئے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور ن لیگ سے انتخابات سے پہلے یا بعد میں کبھی بھی کسی قسم کا اتحاد نہیں ہو سکتا، کیونکہ ملک کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار آصف زرداری اور شریف برادران ہیں۔ آئین کے مطابق کوئی مجرم صدر نہیں بن سکتا اس لئے وہ آصف علی زرداری سے کبھی حلف نہیں لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں