نگراں حکومت دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے ٹھوس اقدامات کرے بلاول
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کی سرکوبی کےلیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے دھماکوں اور پر تشدد واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں اور جاں بحق افراد کے لواحقین سےاظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کی سرکوبی کےلیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ سیاسی جماعتیں انتخابی سرگرمیاں بلاخوف و خطر چلا سکیں اور جمہوریت کے دشمنوں کے عزائم خاک میں مل جائیں۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کراچی میں دہشت گردوں کی جانب سے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور اے این پی کے انتخابی دفاتر کو تواتر سے حملوں کا نشانہ بنایا گیا، گزشتہ روز بھی قصبہ کالونی ڈھائی نمبر میں ایم کیو ایم کے یونٹ آفس کے قریب یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے اور پیپلز پارٹی کی کارنر میٹنگ کے قریب دھماکے میں 10 سال کی بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور پیپلز پارٹی کے رہنما عدنان بلوچ سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دہشت گردی کی یہ لہر اتوار کے روز بھی جاری رہی اور کوئٹہ، پشاور اور صوابی میں اے این پی کے جلسے اور انتخابی دفاتر کو بھی بم حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔