غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے منافع میں 47 فیصد کمی

رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران پاکستان میں 529.8ملین ڈالرکی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی۔


Business Reporter April 29, 2013
رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران پاکستان میں 529.8ملین ڈالرکی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے والی غیرملکی کمپنیوں نے رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران پاکستان سے 637.9ملین ڈالر کا منافع اپنے ملکوں کو منتقل کیا ہے۔

منافع کی منتقلی کی یہ مالیت گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں منتقل کردہ منافع سے 4.7فیصد تک کم ہے گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے براہ راست سرمایہ کاری اور نجی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا 669.3ملین ڈالر کامنافع اپنے ملکوں کو منتقل کیا تھا۔ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مارچ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا 529.8ملین ڈالر جبکہ غیرملکی نجی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا 108.1ملین ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گزشتہ سال کے اسی عرصے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے 521.4ملین ڈالر جبکہ غیرملکی نجی سرمایہ کاری سے 147.9ملین ڈالر کا منافع بیرون ملک بھیجا گیا تھا۔



رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران پاکستان میں 529.8ملین ڈالرکی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 598.6ملین ڈالر رہی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران 171.7ملین ڈالر کا سب سے زیادہ منافع فنانشل بزنس سے منتقل کیا گیا اور منافع کی منتقلی گزشتہ سال کے مقابلے میں 97.8فیصد زائد رہی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے منافع بخش تصور کیے جانے والے دیگر اہم شعبوں سے منافع کی منتقلی میں کمی کا رجحان رہا پاور سیکٹر سے منافع کی منتقلی 52.4فیصد کمی سے 51.8ملین ڈالر رہی۔

پٹرولیم ریفائننگ کے شعبے سے منافع کی منتقلی 23.5فیصد کمی سے 84ملین ڈالر رہی، ٹیلی کمیونی کیشنز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے منافع کی منتقلی 75.7فیصد کمی کے ساتھ 12.7ملین ڈالر تک محدود رہی، بیوریجز کے شعبے سے 24.4 فیصد اضافے کے ساتھ 50.5ملین ڈالر، تیل و گیس کی تلاش کے شعبے سے 71فیصد اضافے سے 61ملین ڈالر، آٹو سیکٹر سے 58فیصد اضافے سے 22.1ملین ڈالر، فوڈ سیکٹر سے 2.5فیصد کمی سے 25.7ملین ڈالر، فارما سیکٹر سے 25.7فیصد اضافے سے 11.4ملین ڈالر منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں