بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امدادی رقم نہ ملنے پر 54 لاکھ خاندان متاثر

مستحق خاندانوں کو عید خوشیوں میں شامل کرنے کیلیے سہ ماہی بنیادوں پر دی جانے والی امدادی رقم عید الفطر پرجاری ہوتی تھی۔


شبیر حسین June 16, 2018
انتظامیہ نے رواں سال الیکشن کمیشن کی جانب سے ممکنہ طورپرکسی کارروائی سے بچنے کیلیے فنڈزجاری نہ کرنیکافیصلہ کیا،ذرائع۔ فوٹو : فائل

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے عید الفطر کے موقع پرمستحقین کو امدادی رقوم جاری نہ کیں جس کے باعث عید الفطر کے موقع پر بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے تقریباً 54 لاکھ کے قریب مستحق خاندان عیدکی خوشیاں منانے سے محروم رہ گئے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہرسال عیدالفطر کے موقع پر تمام مستحق خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلیے عید سے قبل سہ ماہی بنیادوں پر دی جانے والی امدادی رقم جاری کرتاتھا تاہم اس باربینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ممکنہ طور پر کسی کارروائی سے بچنے کیلیے فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سہ ماہی بنیادوں پر دی جانے والی امدادی رقم تقسیم کرنے سے نہیں روکا گیا لیکن فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ ممکنہ کسی کاروائی سے بچنے کیلیے کیا گیا ہے۔

عید پر مستحقین کوفنڈزجاری نہ ہونے کے باعث بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے تقریباً54 لاکھ کے قریب مستحق خاندان عیدکی خوشیاں منانے سے محروم رہیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے اس وقت مجموعی طورپر54 لاکھ کے قریب خاندان مستفید ہورہے ہیں جنھیں سہ ماہی بنیادوںپر 4 ہزار 830 روپے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں