نگراں وزیر اعظم امن وامان پر اے پی سی طلب کریں منور حسن

مشرف کی فارم ہائوس پر نظر بندی امتیازی سلوک ہے، امن حکومت کی ذمے داری ہے

ملک میں امریکی مداخلت بڑھ گئی ہے ،چند نادیدہ قوتیں انتخابات میں رخنہ ڈال رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے نگراں وزیر اعظم سے ملک میں امن وامان پر فوری آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے امریکا انتخابات میں مداخلت کررہا ہے۔

تمام سیاسی جماعتیں اور قوم بروقت انتخابات کی حامی ہیں اس لیے عام انتخابات میں کسی صورت تاخیر نہیں ہو نی چاہیے' مشرف پہلے بھی فارم ہائوس میں تھے اور اب ان کو وہاں ہی نظر بند کر دینا کون سی سزا ہے ؟ آئی این پی کے مطابق اتوار کو کوئٹہ ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں منور حسن نے کہاکہ امن و امان کی صورتحال اور الیکشن کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش کا حل الیکشن کمیشن کے پاس ہے اور نگراں حکومت کو بھی موجودہ صورت حال کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، منور حسن نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے نگراں حکومت کے ماتحت ہیں، امن وامان قائم کرنا اور دہشت گردی اور لاقانونیت کو کنٹرول کرنا اس کی ذمے دار ی ہے۔




 

ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ امریکا 2014تک افغانستان سے نکل جائے گا اس کی یہ کوشش ہوگی کہ پاکستان میں ایسی حکومت آئے جو اس کی حمایت کرے۔منور حسن نے کہاکہ انتخابی اتحاد کی سیاست وقتی مقاصد حاصل کرنے کے لیے ہوتی ہے اور مقاصد کے بعد اتحاد ٹوٹ جاتے ہیں۔ ایک سوال پرانھوں نے کہاکہ مشرف فارم ہائوس میں پہلے بھی رہتے تھے، نظربند بھی فارم ہائوس میں کیا گیا ہے یہ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ آن لائن کے مطابق منورحسن نے کہاکہ جمہوریت کی بقا کیلیے شفاف انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں لیکن چند نادیدہ قوتیں انتخابات میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں ہم سب کو مل کر ان کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔
Load Next Story