میاں صاحب 11 مئی کو ’’بلے‘‘ نے آپ کے ساتھ بہت برا کرنا ہے عمران خان

شریف برادران کے اثاثے 7 کروڑ سے بڑھ کر 15 ارب تک پہنچ چکے ہیں، عمران خان

پہلے مسلم لیگ (ن) پٹواریوں کے ذریعے جلسے جلوس کرتی تھی لیکن اب ان سے وہ بھی نہیں ہوتے، عمران خان. فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف جان لیں کہ 11 مئی کو ''بلے'' نے ان کے ساتھ بہت برا کرنا ہے۔

اٹک میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کھیل میں جب ان کا مخالف گھٹنے ٹیکتا تھا تو انہیں اس پر ترس آجاتا تھا لیکن اب انہیں نواز شریف پر ترس آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مسلم لیگ (ن) پٹواریوں کے ذریعے جلسے جلوس کرتی تھی لیکن اب ان سے وہ بھی نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب جان لیں کہ 11 مئی کو 'ن' کا اور جنون کا مقابلہ ہوگا جس میں جیت جنون کی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ 11 مئی کو پرانے نظام کا سورج غروب ہوجائے گا اور نئے پاکستان کا سورج طلوع ہوگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کرکے امریکی غلامی سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی عوام بھی پاکستانی ہیں اور ان کی حکومت ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دے گی۔


اس سے قبل مری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس دن نواز شریف نے ان سے مناظرہ کیا اس دن وہ شیر کا شکار نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دونوں بڑی جماعتیں شاہی پارٹیاں اور ان کے ارکان درباری ہیں، ہمارے امیدواروں کے مقابلے میں پرانے اداکار اور درباری ہیں، پرانے سیاستدان خود بوڑھے ہوجاتے ہیں تو بچوں کو آگے لاتے ہیں، صدر زرداری نے اپنے بیٹے بلاول کو تیار کیا ہے جسے اردو بولنی نہیں آتی۔ مسلم لیگ (ن) نے 25 سالوں میں پانچ باریاں لیں اب چھٹی باری بھی مانگ رہے ہیں لیکن نواز شریف صاحب اب پاکستانی قوم کو بےوقوف نہیں بناسکتے، انہوں نے پنجاب میں صدر زرداری کے ساتھ ساڑھے 3 سال مک مکا کئے رکھا، بلوچستان میں 5 سال ساتھ رہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں سیاسی رہنماؤں کے درمیان ٹی وی پر مناظرے ہوتے ہیں۔ وہ نواز شریف کو بار بار مناظرے کی دعوت دیتے ہیں، وہ شیر کے شکاری ہیں لیکن مناظرے کے دن شکار نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی بھی سیاسی رہنما یا منتخب نمائندے کے بر سر اقتدار آنے کے بعد اثاثے نہیں بڑھتے لیکن نوازشریف کی اپنی حکومت میں ان کے اثاثوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا، شریف برادران کے اثاثے 7 کروڑ سے 15 ارب تک پہنچ چکے ہیں،ان کے پاس جتنی سیکیورٹی ہے اتنی تو ملکہ برطانیہ کے پاس بھی سیکورٹی نہیں۔

عمران خان نے شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف بتائیں کہ 5سال میں انہوں نے کسی ایک ادارے کو بھی درست کیا، آئین کے تحت صوبے بھی اپنی ضرورت کے مطابق بجلی بنا سکتے ہیں لیکن انہوں نے مینار پاکستان میں پنکھا جھلنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، پنجاب حکومت جرائم کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوئی، پانچ سال میں پنجاب میں 70 ہزار افراد کو اغوا کیا گیا۔

چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ چہرے بدلتے رہیں گے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ملک کو بدلنے کے لئے نظام بدلنا چاہیے، ملک میں سب سے بڑی برائی کرپشن ہےجس کی ایک وجہ اوپر بیٹھے لوگ چور ہیں اور دوسری وجہ نیب آزاد ادارہ نہیں، اقتدار میں آ کر کرپشن کا خاتمہ کرکے دکھائیں گے، انہوں نے کہا کہ مغرب کے کسی ملک میں ایم این ایز یا ایم پی ایز کو کوئی فنڈز نہیں ملتے، ترقی بلدیاتی اداروں کی وجہ سے ہوتی ہے،90 دن میں بلدیاتی الیکشن کرائیں گے۔ گاؤں کی سطح پر فنڈ دیں گے۔ جو اپنے اسکول اور اسپتال خود چلائیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story