اب ملک میں عوام کے ووٹ سے ہی حکومت آئے گی اور جائے گی نواز شریف

لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے دو باریاں لی ہیں لیکن ہم نے ان باریوں میں صرف کرکٹ نہیں کھیلی ملک کے کام بھی کیا ہے، نوازشریف


ویب ڈیسک April 29, 2013
مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور اقتدار میں ائیرپورٹس بنائے، سڑکوں کا جال بچھایا، مواصلات کے شعبے میں انقلاب برپا کیا، نواز شریف۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ماضی میں جمہوری حکومتوں کو ختم کیا گیا اب ایسا نہیں ہوگا عوام کے ووٹ سے ہی حکومت آئے گی اور عوام کے ووٹ سے ہی حکومت جائے گی ۔

اوکاڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے دو باریاں لی ہیں لیکن ہم نے ان باریوں میں صرف کرکٹ نہیں کھیلی ملک کے لئے کام بھی کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور اقتدار میں ائیرپورٹس بنائے، سڑکوں کا جال بچھایا، مواصلات کے شعبے میں انقلاب برپا کیا، ہمارے دور اقتدار میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے اور ہماری کرنسی خطے کی مضبوط ترین کرنسی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے لیکن نہ یہاں بجلی ہے نہ امن، 11 مئی کو عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکر ملک سے لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردیا جائے گا۔ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرضے جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ خود بھی باعزت روزگار سے وابستہ ہوں اور دوسروں کی روزی کا بھی وسیلہ بنیں۔

نوا ز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت آئینی تھی لیکن ملک دشمنوں نے ان کی حکومت کو ختم کردی وہ 14 ماہ جیل اور 7 سال بیرون ملک جلا وطن رہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا عوام کے ووٹ سے ہی حکومت آئے گی اور عوام کے ووٹ سے ہی حکومت جائے گی۔ 11 مئی کو عوام مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کریں گے۔ ملک کو پرامن بنائیں گے،خودکش دھماکے بند کریں گے، کراچی کو امن کا گہوارا بنائیں گے اور ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بجلی کا بحران ختم کرکے ملک کو ایک بار پھر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں