عمران خان کے پاس ذاتی گاڑی نہیں اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

عمران خان نے گزشتہ سال اپنی آمدن پر ایک لاکھ 3 ہزار 763 روپے ٹیکس ادا کیا


ویب ڈیسک June 20, 2018
عمران خان کے اسلام آباد میں 2 فارن کرنسی اکاؤنٹ ہیں۔ فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اثاثوں اور ٹیکس ریٹرن کی تفصیلات ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔

ایکسپریس نیوز نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اثاثوں اور ٹیکس ریٹرن کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں جس کے مطابق عمران خان نے گزشتہ سال47 لاکھ 76 ہزار 611 روپے آمدن ظاہر کی، عمران خان نے ذرائع آمدن میں زراعت، تنخواہ، پینشن اور بنک منافع ظاہر کیا جب کہ عمران خان 168 ایکڑ زرعی زمین کے بھی مالک ہیں، اس کے علاوہ عمران خان نے گزشتہ سال اپنی آمدن پر 1لاکھ 3 ہزار 763 روپے ٹیکس ادا کیا۔

عمران خان نے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات بھی کاغذات نامزدگی میں ظاہر کی ہیں، عمران خان نے 2015 سے 2018 کے دوران 28 غیر ملکی دورے کیے جن میں سے زیادہ تر دورے اسپانسرڈ ہیں۔ اس کے علاوہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اہلیہ بشریٰ بی بی اور دونوں بیٹوں کو زیر کفالت ظاہر کیا جب کہ اہلیہ اور بچوں کے نام پر کوئی اثاثہ نہیں۔

کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق عمران خان کو گزشتہ سال زرعی زمین پر 23 لاکھ 60 ہزار آمدن ہوئی اور انہوں نے 18 لاکھ 991 روپے تنخواہ بھی وصول کی، عمران خان کے پاس کوئی ذاتی گاڑی اور زیورات نہیں جب کہ ان کے زیر استعمال فرنیچر سمیت دیگر اشیا کی مالیت 5 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ عمران خان کے اسلام آباد میں 2 فارن کرنسی اکاؤنٹ ہیں جس میں سے ایک اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 78 ہزار 760 ڈالر اور دوسرے میں 1470 ڈالر ہیں۔

آصف زرداری بھاری اثاثوں کے مالک نکلے


سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری حلقہ این اے 213 نوابشاہ سے الیکشن میں حصہ لیں گے جس کے لیے انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔ آصف زرداری کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں جو اثاثے ظاہر کیے ہیں ان میں کروڑوں روپے مالیت کی پراپرٹی، بلٹ پروف گاڑیاں، اسلحہ اور گھوڑے بھی شامل ہیں۔

کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق آصف زرداری 6 بلٹ پروف لگژری گاڑیوں اور ہزاروں ایکڑ اراضی کے مالک ہیں، آصف زرداری پاکستان میں ایک درجن سے زائد پراپرٹیز کے مالک ہیں جب کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 5 پراپرٹیز میں حصہ دار بھی ہیں۔ اس کے علاوہ دبئی کے شہر الصفا میں ایک پراپرٹی سمیت کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں ایک پلاٹ بھی ان کی ملکیت میں ہے۔

آصف زرداری کے پاس 3 لینڈ کروزر، 2 بی ایم ڈبلیو اور ایک لیکسز ہے، یہ سب گاڑیاں بلٹ پروف ہیں۔ گھوڑوں اور مویشیوں کی مالیت 9کروڑ ہے جب کہ ایک کروڑ 29لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ ہے۔ آصف زرداری نے لینڈ مارکس میں ایک کروڑ 29 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کی ہے جبکہ 8لاکھ 90ہزار روپے کی سرمایہ کاری اپارٹمنٹ میں ہے۔

سابق صدر نے زرداری گروپ (پرائیویٹ ) لمیٹڈ اور پارک لین ای اسٹیٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں 10 لاکھ 7 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ زرداری گروپ کو 45لاکھ روپے ادھار بھی دیے ہیں۔ آصف زرداری کے پاس 20 کروڑ 90لاکھ روپے نقد موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کلفٹن میں 2 پراپرٹیز ہیں جب کہ کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں بنگلہ اور نواب شاہ میں ایک گھر ہے۔

کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق آصف زرداری نواب شاہ، ٹنڈو الہیار اور لاڑکانہ میں زرعی زمین کے مالک ہیں جب کہ نواب شاہ، بدین، ماتلی، ٹنڈوالہیار میں 7 ہزار 4 سو ایکڑ زرعی اراضی لیز پر بھی حاصل کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |