کرسٹیانو رونالڈہ کے ’’ہیڈر‘‘ سے مراکش ناک آؤٹ

ورلڈکپ میں4گولز کے ساتھ ٹاپ اسکورر بھی بن گئے،کامیاب پرتگالی ٹیم نے لاسٹ 16 کے دروازے پر دستک دے دی۔


خبر ایجنسی June 21, 2018
مسلسل دوسرے میچ میں شکست نے سعودی عرب کی امیدوں کا دیا بھی بجھا دیا، لوئس سواریز نے یوروگوئے کو 1-0 سے فتح دلائی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کرسٹیانو رونالڈو کے ''ہیڈر'' سے مراکش ناک آؤٹ ہوگیا، سپراسٹار فٹبالر نے ہیڈرر پر فیصلہ کن گول سے پرتگال کو 1-0 کی فتح دلا دی۔

مراکش نے میدان میں اترنے سے قبل حریف ٹیم پرتگال کے سب سے خطرناک کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی اسپین کے خلاف ہیٹ ٹرک کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا تھا۔

کوچ ہیروے رینارڈ نے مینوئل ڈی کوسٹا اور نبیل درار کو خصوصی ٹاسک کے ساتھ فیلڈ میں اتارا، ان کی پلاننگ رونالڈو کے گرد گھیرا ڈالے رکھنا اور ان کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دینا تھا، مگر میچ کے شروع میں ہی ان کا تمام منصوبہ دھرا رہ گیا جب چوتھے ہی منٹ میں ڈی کوسٹا کو کسی بھی خاطر میں نہ لاتے ہوئے رونالڈو نے ہیڈرر پر گیند کو گولی کی رفتار سے جال میں اس طرح پھینکا کہ گول کیپر منیر الکجوئی آنکھیں پھاڑے دیکھتے ہی رہ گئے۔

یہ رونالڈو کا اس ٹورنامنٹ میں چوتھا گول تھا، دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنے گول انھوں نے گذشتہ تین ورلڈ کپ ایڈیشنز میں مل کر بھی نہیں بنائے تھے، اس کی بدولت وہ اب تک ٹورنامنٹ کے ٹاپ گول اسکورر بھی بن گئے ہیں، اس میں بڑا ہاتھ ان کا اسپین کے خلاف ابتدائی میچ میں بنائی گئی ہیٹ ٹرک کا ہے۔

چوتھے منٹ میں مراکش کو دن میں تارے دکھانے کے چند ہی لمحوں بعد رئیل میڈرڈ کے سپر اسٹار نے ایک اور زوردار حملہ کیا مگر گیند گول پوسٹ کے قریب سے نکل گئی۔ مراکش نے حساب برابر کرنے کی کوشش کی اور حکیم زیاخ کسی حد تک اس میں کامیاب بھی ہوگئے تھے مگر وہ آخری رکاوٹ عبور نہیں کرپائے، مراکش نے مسلسل پرتگالی ڈیفنس کی دائیں سائیڈ کو نشانہ بنائے رکھا مگر اس کا بھی فائدہ نہیں ہوا۔

دوسری جانب پرتگال کی جانب سے بھی حریف سائیڈ پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم گول کیپر الکجوئی نے بھی بعد میں کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی، آخری لمحات میں مراکش کی فرسٹریشن میں اضافہ ہونے لگا مگر وہ پرتگالی دفاع میں دراڑ نہیں ڈال سکے، اس طرح مقابلے کا اختتام پرتگال کی 1-0 سے جیت پر ہوا، مسلسل دوسرے میچ میں شکست کے بعد مراکش کا اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا امکان ختم ہوگیا، یہ شمالی افریقی سائیڈ کی 1998 کے بعد ورلڈ کپ میں پہلی شرکت تھی مگر اس کو پہلے ہی راؤنڈ میں اپنا بوریا بستر باندھنا پڑے گا۔

علاوہ ازیں دن کے دوسرے مقابلے میں یوروگوئے نے سعودی عرب کو میچ کے آغاز سے ہی دباؤ میں لانا چاہااور اس میں کسی حد تک کامیاب بھی رہا، اگرچہ سعودی کھلاڑیوں نے بھی روس سے ابتدائی میچ میں 5-0 سے ملنے والی شکست کو پس پشت ڈال کر ایونٹ میں خود کو موجود رکھنے کیلیے کافی کوشش کی،مگر 23 ویں منٹ میں یوروگوئے کے خطرناک اسٹرائیکر لوئس سواریز نے گیند کو جال میں پہنچاکر اپنے ملک کیلیے سنچری میچ کو یادگار بنایا، گول کیپر الویس کے پاس ان کے حملے کا کوئی جواب نہیں تھا۔

دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کیے گئے مگرکوئی گول نہیں ہوا، اس کے ساتھ ہی میچ کا اختتام یوروگوئے کی 1-0 سے فتح پر ہوا۔ مسلسل دوسرے میچ میں شکست نے سعودی عرب کی امیدوں کا دیا بھی بجھا دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں