لیونل میسی کو داؤ پر لگی ساکھ بچانے کا چیلنج درپیش

ارجنٹائن کا آج کروشیا سے سامنا،فرنچ سائیڈ پیرو کو راہ سے ہٹانے کیلیے تیار۔


امیدوں کا دیا روشن رکھنے کیلیے آسٹریلوی فٹبال ٹیم ڈنمارک سے ٹکرائے گی۔ فوٹو : فائل

ورلڈ کپ میں لیونل میسی کو داؤ پر لگی ساکھ بچانے کا سخت چیلنج درپیش ہے۔

لیونل میسی روس میں جاری ورلڈ کپ میں شریک چند سپر اسٹارفٹبالرز میں سے ایک ہیں، مگر گروپ ڈی میں ایک چھوٹی ٹیم آئس لینڈ کے خلاف پنالٹی ضائع کرنے کی وجہ سے وہ ایونٹ کے آغاز میں ہی ہیرو سے ولن بن چکے،ان کی اس کوتاہی کے سبب مقابلہ 1-1 سے برابر ہوا تھا، اب ارجنٹائن کو آگے کا سفر جاری رکھنے کے لیے لازمی فتح درکار ہوگی۔

لیونل میسی کو بھی ساکھ کی بحالی کا چیلنج درپیش ہے، ارجنٹائنی ٹیم مکمل طور پر میسی پر ہی انحصار کررہی ہے، ان کیلیے مایوس کن بات یہ ہے کہ پنالٹی ضائع کرنے کے ساتھ ان کے گول پوسٹ پر 11 حملے ناکام ہوئے، کامیابی کے بغیر کسی بھی پلیئر کے ایک مقابلے میں یہ سب سے زیادہ حملے ہیں۔

گزشتہ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کو فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی تاہم آخری مرتبہ اسے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے کی خفت کا سامنا 2002 میں کرنا پڑا تھا۔ جمعرات کو ہی فرانس کا مقابلہ پیرو سے ہونا ہے، ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنا افتتاحی میچ 2-1 سے جیت چکی۔

جرمنی میکسیکو سے ابتدائی میچ ہار چکا اور اسپین، ارجنٹائن و برازیل نے ڈرا میچ کھیلے ہیں، فرانس نے خود کو ٹرافی کیلیے مضبوط امیدوار سمجھنا شروع کردیا ہے۔ اس کیلیے تین فرنٹ لائن پلیئرز گریز مین، کیلین ایم باپے اور اوزمین ڈیمبیل کو فوری طور پر فارم میں آنا ہوگا۔

خیال رہے کہ دن کا کا آغاز آسٹریلیا اور ڈنمارک کے درمیان میچ سے ہوگا، آسٹریلوی سائیڈ کامیابی حاصل کرکے امیدوں کا دیا روشن رکھنا چاہتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں