سپر باکسنگ لیگ کی لانچنگ تقریب آج ہوگی

آئبا سے الحاق کے پیش نظر پی بی ایف ایونٹ سے الگ رہے گی، خالد محمود


Sports Reporter June 21, 2018
آئبا سے الحاق کے پیش نظر پی بی ایف ایونٹ سے الگ رہے گی، خالد محمود۔ فوٹو: فائل

سپر باکسنگ لیگ کی لانچنگ تقریب آج کراچی میں ہوگی۔

پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی سپرباکسنگ لیگ کی تعارفی تقریب جمعرات کو 2بجے کراچی میں ہوگی، ایونٹ کے چیئرمین پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ایونٹ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

مقابلوں میں لاہور ریمز،کراچی کوبراز، اسلام آباد کنگز، پختون واریئرز،ملتان نوابز، سیالکوٹ شیرز،فیصل آباد فالکنز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنامی فرنچائزٹیمیں شریک ہونگی،ان کے مالکان بھی کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی تقریب کی رونقیں بڑھائیں گے، دنیا کی پہلی پروباکسنگ لیگ ستمبر میں کروانے کا فیصلہ قبل ازیں کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے عامرخان کی سپر باکسنگ لیگ سے الگ رہنے کا فیصلہ کرلیا، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے لیگ کا اعلان توکردیا تھا لیکن اس ضمن میں پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو اعتماد میں لینے اور این او سی حاصل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی،اس صورتحال میں پی بی ایف نے لیگ سے اظہار لاتعلقی کردیا تھا، بعد ازاں ایونٹ کیلیے این اوسی کی درخواست بھی دیدی گئی تھی۔

منگل کے روز ایگزیکٹیوکمیٹی کا اجلاس پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود کی سربراہی میں ہوا جس میں سپر لیگ کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرلیا گیا،ان کا کہنا تھا کہ لیگ ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت ہورہی ہے، فیڈریشن کا الحاق آئبا کے ساتھ ہے، ایونٹ کا حصہ بن کر عالمی گورننگ باڈی کیخلاف نہیں جاسکتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔