زعیم قادری کی ن لیگ سے ناراضی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

وہ اپنے لیے قومی اسمبلی کے ٹکٹ کے ساتھ من پسند افراد کو صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ دلوانا چاہتے تھے


ویب ڈیسک June 21, 2018
وہ اپنے لیے قومی اسمبلی کے ٹکٹ کے ساتھ من پسند افراد کو صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ دلوانا چاہتے تھے (فوٹو:فائل)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما زعیم قادری کی پارٹی سے ناراضی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ذرائع کے مطابق وہ اپنے لیے قومی اسمبلی کے ٹکٹ کے ساتھ من پسند افراد کو صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ دلوانا چاہتے تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنما زعیم قادری نے پارٹی سے برسوں کا ناطہ کیوں توڑا اس معاملے کی اندرونی کہانی باہر سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق زعیم قادری نے عام انتخابات کو لے کر نہ صرف اپنے لیے این اے 133 کا ٹکٹ مانگا، بلکہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی من پسند امیدواروں کو ٹکٹیں دلوانا چاہتے تھے مگر پارٹی نے ان کی بات نہیں مانی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون زعیم قادری کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دینے پر راضی تھی معاملہ اس وقت بگڑا جب پارٹی نے این اے 133 کا ٹکٹ وحید عالم خان کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔ زعیم قادری پی پی 160 سے توصیف شاہ کو بھی ٹکٹ دلوانا چاہتے تھے مگر پارٹی نے ایک نہ سنی۔

یہ پڑھیں: لاہور حمزہ شہباز اور اس کے باپ کی جاگیر نہیں، زعیم قادری

زعیم قادری کا معاملہ اس وقت مزید بگڑ گیا جب لیگی قیادت کو اپنی وفاداری کا یقین دلانے کےلیے توصیف شاہ پلٹ گئے اور انہوں نے زعیم قادری کی ایک ریکارڈ شدہ فون کال پارٹی قیادت کو سنادی جس میں زعیم قادری نے حمزہ شہباز اور شہباز شریف کے خلاف سخت زبان استعمال کی تھی۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پارٹی کے خفیہ سروے سے معلوم ہوا کہ این اے 133 میں زعیم قادری کو عوامی پذیرائی حاصل نہیں، ضعیم قادری وزارت نہ ملنے پر بھی پارٹی قیادت سے نالاں تھے جبکہ انہیں مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ سے بھی نکال دیا گیا تھا۔ ضعیم قادری پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کا ذمہ دار حمزہ شہباز کو سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پریس کانفرنس میں حمزہ شہباز کو آڑے ہاتھوں لیا۔

یہ بھی پڑھیں: زعیم قادری کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

اس ضمن میں ضعیم قادری کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ وحید عالم خان کو حمزہ شہباز اور عائشہ احد کے درمیان صلح میں معاونت پر ٹکٹ سے نوازا گیا ہے۔

یہ پڑھیں: زعیم قادری نے جلد بازی کی معاملات حل ہوسکتے تھے، رانا مشہود

زعیم قادری کی بغاوت پر لیگی رہنما رانا مشہود کا کہنا ہے کہ زعیم قادری نے جلد بازی کی، مسائل گھر بیٹھ کر حل ہوسکتے تھے پارٹی کا حق ہے کہ وہ امیدوار کو جہاں مناسب سمجھے وہاں ٹکٹ دے سمجھ نہیں آرہا کہ زعیم قادری نے حمزہ کو کیوں ٹارگٹ کیا۔ زعیم قادری کی علیحدگی کا افسوس ہے اسے منانے کی کوشش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں