ایازصادق اورکیپٹن ر صفدرکے اثاثے 4 4 کروڑ علیم خان ایک ارب کے مقروض

منتخب ایوانوں میں غریب قوم کے نمائندوں کے اثاثوں کی مالیت کروڑوں روپے ہے

علیم خان کے کل اثاثوں کی مالیت 91 کروڑ 82 لاکھ 78 ہزار 855 روپے ہے

انتخابی دنگل میں اترنے والے مزید سیاستدانوں کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں جس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور کیپٹن (ر) صفدرکے اثاثے 4 ،4 کروڑ جب کہ تحریک انصاف کے رہنما علیم خان ایک ارب روپے کے مقروض ہیں۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق کیپٹن (ر) صفدرحسین کے اثاثاجات کی فہرست منظرعام پر آگئی ہے۔ جس کے مطابق سابق وزیر اعظم کے داماد راجن پور میں 2922 کنال ، مانسہرہ میں 172 کنال، جلو گاؤں مانسہرہ میں 73 کنال اور مانسہرہ دائغ براہ میں 60 کنال زرعی زمین ہے، انہوں نے سندر انڈسٹریل ایریا کے قریب زیر تعمیر فلور ملز میں 34 لاکھ کی سرمایہ کاری بھی کررکھی ہے۔

اثاثوں کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر نے اسلام آباد E-12/4 ایک پلاٹ قسطوں پر لیا ہوا ہے، ان کے پاس 4 لاکھ روپے کے بانڈز ہیں، کیپٹن صفدر کے بیٹے جنید کے نام پر 16 کنال کی 2 املاک جب کہ 10 لاکھ کی جیولری ہے، اس کے علاوہ ان کے پاس ایک سال میں 17 لاکھ 28 ہزار روپے کا زرمبادلہ آیا ہے۔

علیم خان کے اثاثاجات کی تفصیلات




پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے تمام تر اثاثاجات کی تفصیلات بھی منظرعام پر آگئیں، جس کے مطابق علیم خان کی پاکستان میں 43 جبکہ بیرون ملک 3 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں، ان کے کل اثاثوں کی مالیت 91 کروڑ 82 لاکھ 78 ہزار 855 روپے ہے تاہم وہ ایک ارب 21 کروڑ 86 لاکھ 32 ہزار 281 روپے کے مقروض ہیں۔ جس میں اپنی ہی بنائی گئی کمپنی سے لیا گیا 69 کروڑ 97 لاکھ 4 ہزار 306 روپے کا قرض بھی شامل ہے۔


علیم خان کی ذاتی پراپرٹی کی مالیت 15 کروڑ 92 لاکھ 75 ہزار 737 روپے ہے اور اِن کا پاکستان میں صرف 90 ہزار روپے کا کاروبار ہے تاہم علیم خان نے 2015 سے 2017 کے دوران تنخواہ اور منافع کی مد میں 4 کروڑ 39 لاکھ 5 ہزار 799 روپے کمائے، ان کا بیرون ملک کاروبار کا سرمایہ 81 لاکھ 38 ہزار 5 روپے ہے، ان کے پاس موجود لاکھوں شیئرزکی مالیت 12 کروڑ 93 لاکھ 53 ہزار 990 روپے ہے، ۔

علیم خان کے پاس 3 کروڑ47 لاکھ 21 ہزار 65 روپے مالیت کی بیش قیمت گاڑیاں ہیں جن میں 3 لینڈ کروزر اور ایک ہونڈا سوک ہے۔ علیم خان کے پاس 9 لاکھ 94 ہزار 760 روپے کے زیورات جب کہ نقد 9 لاکھ 35 ہزار 200 روپے ہیں ، اس کے علاوہ بینکوں میں 6 کروڑ 40 لاکھ 82 ہزار 21 روپے ہیں۔

دوسری جانب علیم خان کے پاس موجودہ فرنیچر کی مالیت 19 لاکھ 60 ہزار روپے، علیم خان کے موجودہ اثاثوں میں 41 کروڑ 7 لاکھ 10 ہزار 277 روپے کا اضافہ ہوا، انہوں نے 3 سال میں ایک کروڑ 2 لاکھ 77 ہزار914 روپے ٹیکس دیا جب کہ بیرون ممالک 23 دورے کیے جن پر 21 لاکھ 65 ہزار روپے کے اخراجات آئے۔

سردارایازصادق کے اثاثے




اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق ان کے کل اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 47 لاکھ 95 ہزار 914 روپے ہے، گزشتہ مالی سال تک ان اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 23 لاکھ 39 ہزار 280 روپے تھی، ان کے نام 3 گھر ہیں جن کی مالیت 3 کروڑ 66 لاکھ 99 ہزار 682 روپے ہے، ایاز صادق نے قومی اسمبلی سے حاصل ہونے والی تنخواہ اور جائیداد کے کرائے کو ذرائع آمدن ظاہر کیا ہے، ایاز صادق نے قومی اسمبلی سے 2014 سے 2017 تک آمدن 63 لاکھ 99 ہزار 370 روپے ظاہر کی اور ایاز صادق کے 3 بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم کی مالیت 2 لاکھ 57 ہزار 23 روپے ہے۔

ایازصادق کی اہلیہ کے نام جڑانوالہ میں 47.3 ایکڑ کی وراثتی جائیداد اورزمین فتح جنگ اٹک میں 10 کنال اراضی ہے، ایاز صادق اور بیوی کے نام حصص کی مالیت 57 لاکھ 95 ہزار 361 روپے ہے، ایاز صادق کی اہلیہ کے 4 بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم کی مالیت 21 کروڑ 98 لاکھ 761 روپے ہے، ایاز صادق کی اہلیہ کے نام فرنیچر کی مالیت 80 ہزار جب کہ ان کے پاس موجود 40 تولہ متفرق زیورات کی مالیت 80 ہزار روپے ہے، ایاز صادق کی اہلیہ نے عدنان علی نامی شخص کو 1 کروڑ 30 لاکھ روپے قرض دیا ہوا ہے۔
Load Next Story