عمران حکومت بنالیتے ہیں توقانون نہیں بناسکیں گےظفرعلیشاہ

شاہ محمود آزاد حیثیت میں الیکشن نہیں لڑ رہے، شیریں مزاری،کل تک میں گفتگو


Monitoring Desk April 30, 2013
شاہ محمود آزاد حیثیت میں الیکشن نہیں لڑ رہے، شیریں مزاری،کل تک میں گفتگو. فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما ظفرعلی شاہ نے کہا ہے کہ جس تبدیلی کی بات کی جارہی ہے ،وہ ہم کب کی لاچکے ہیں ۔

عمران خان اگرحکومت بنا بھی لیتے ہیں تو 3 سال تک کوئی قانون نہیں بناسکیں گے۔انھوں نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک الیکشن اسپیشل میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انقلاب لانے کے لیے قانون سازی کرنا پڑتی ہے مگر عمران خان انقلاب نہیں لاسکتے کیونکہ قانون سازی کے لیے سینیٹ میں تحریک انصاف کا ایک بھی رکن نہیں ہے۔

وہ نوازشریف سے مناظرے کی بات کرتے رہتے ہیں،11 مئی کو مناظرہ ہی تو ہونا ہے، عمران کو بھی پتہ چل جائے گاکہ تحریک انصاف کہاں کھڑی ہے۔ان کاکہناتھاکہ شیخ رشید اچھے آدمی ہیں لیکن اچھے سیاستدان نہیں ۔تحریک انصاف کی رہنماشیریں مزاری نے کہا کہ جب اوپر سے کرپشن ختم ہوگی تو نیچے بھی بہتری پیدا ہوجائیگی۔ہم عام آدمی کا احترام بڑھائیں گے پاکستانیت کو فروغ دیں گے اور بیرونی ڈکٹیشن پر عمل نہیں کریں گے۔ٹکٹوں کی تقسیم میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں،ہم بھی انسان ہیں کوئی فرشتے نہیں ہیں۔عوام نے ووٹ پارٹی کو اور نظریہ کو دینا ہے۔



ہماری پارٹی میں جو موقع پرست لوگ آئے تھے وہ اب جاچکے ہیں ۔شاہ محمود قریشی سندھ میں آزاد نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑرہے ہیں۔شیخ رشیدکے ساتھ ہم نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے،جو پارٹی کے کچھ لوگوں کو پسند ہے کچھ کو نہیں۔تجزیہ کارفرخ سلیم نے کہاکہ عمران خان کے ساتھ پندرہ سولہ سال پہلے والے لوگ اب نہیں ہیں،اب وہی لوگ ان کے ساتھ ہیں جو پہلے کبھی کسی کے ساتھ توکبھی کسی کے ساتھ ۔انتخابات میں نوجوانوں کااہم کردارہے،وہ ایسے لیڈرکو ووٹ دیں جو حقیقت میں ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہو۔

تجزیہ کارایئرمارشل (ر)جاوید لطیف نے کہاکہ اس وقت ملک کواندر سے خطرات لاحق ہیں۔جو لوگ احتساب بل نہ بناسکے وہی اب پھر ووٹ لینے آرہے ہیں ۔انسداددہشت گردیبل منظور نہ ہونے کا نقصان یہ ہوا ہے کہ آج تمام سیاسی جماعتوں کودھمکیاں دی جارہی ہیں ،کسی بھی سیاسی جماعت کی دفاع کے متعلق مربوط پالیسی نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں