ناقص کھیل نے ارجنٹائن کی راہ میں کانٹے بچھا دیے

 2 بار کی عالمی چیمپئن سائیڈ کے اس بار پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے کا خطرہ

نائیجیریا پرفتح کے بعد بھی دیگرٹیموں کے نتائج پرانحصار،میسی کا جادو نہ چلا۔ فوٹو : اے ایف پی

فٹبال ورلڈکپ میں ناقص کھیل نے ارجنٹائن کی راہ میں کانٹے بچھا دیے۔

کروشیا سے غیرمتوقع شکست کے بعد ٹیم کیلیے سفر جاری رکھنا دشوار ہوگیا، 2 بار کی چیمپئن سائیڈ پر اس بار پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا، گروپ ' ڈی ' میں ٹیم 2 میچز کھیل کر صرف ایک پوائنٹ حاصل کرپائی ہے، آئس لینڈ سے ابتدائی مقابلہ بھی 1-1 سے برابر رہا تھا جبکہ کروشیا نے ارجنٹائن کو 3-0 سے مات دیدی، ٹیم اب اپنا آخری پول میچ منگل کو نائیجیریا سے کھیلے گی۔


کروشیا سے مقابلے میں ارجنٹائنی اسٹار لیونل میسی اپنا جادو جگانے میں ناکام رہے، انھوں نے 2014 میں برازیل میں منعقدہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا تھا جب ٹیم کو جرمنی نے1-0 سے مات دی تھی، اس بار جنوبی امریکن سائیڈ پر پہلے راؤنڈ سے اخراج کا خطرہ منڈلا رہا ہے، ارجنٹائن ٹیم کی حالیہ پرفارمنس کسی طور حیران کن نہیں ہے، میگا ایونٹ سے قبل خراب تیاری کے بعد وہ تنازعات میں گھری رہی، ارجنٹائنی ٹیم کاانحصار میسی اور سرجیو اگیورو پر ہی رہا ، میسی کروشیا کیخلاف کھل کر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے میں یکسر ناکام رہے۔

روس آمد سے قبل ارجنٹائن نے ورلڈ نمبر104 سائیڈ ہیٹی کیخلاف مئی میں 4-0 سے کامیابی سمیٹی تھی، اس سے قبل مارچ میں اسپین سے اسے 1-6 سے ناکامی کا سامنا رہاتھا،پھر ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹائنی ٹیم نے اسرائیل میں دوستانہ میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا، جورج سیمپولی گزشتہ 2 برسوں میں ٹیم کے تیسرے کوچ بنے ہیں، انھوں نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد نئے عہد کے آغازکا عزم ظاہر کیا تھا لیکن ورلڈ کپ میں ابھی تک ٹیم کی پرفارمنس مایوس کن ہے۔
Load Next Story