اولمپکس ہاکی میں نیدرلینڈز کی خواتین نے میدان مارلیا

ارجنٹائن کوشکست،مینزایونٹ میں آسٹریلیا کی تیسری پوزیشن، بھارت کا12 واں نمبر.

نیدرلینڈز کی پلیئرز لندن اولمپکس ویمنز ہاکی ایونٹ میں گولڈمیڈل کے حصول پر جشن منا رہی ہیں فوٹو:ایکسپریس)

اولمپکس ہاکی میں نیدرلینڈز کی خواتین نے میدان مارلیا،ورلڈ چیمپئن ارجنٹائن کو0-2 سے شکست ہوئی، مردوں کے چیمپئن کا فیصلہ اتوار کو ہوگا،آسٹریلیا نے تیسری پوزیشن کا میچ جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کی شب ویمنز فیلڈ ہاکی کے فائنل میں نیدر لینڈز اور ارجنٹائن کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا مگر ڈچ سائیڈ کوکپتان مارٹج پائومین کے عمدہ کھیل کی بدولت برتری حاصل رہی، پہلا گول 45 ویں منٹ میں اس وقت ہوا جب کارلین ڈیرکس وان ڈین ہیول کے ری بائونڈ پر مارٹج نے گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔


53 منٹ میں ہونے والا دوسرا گول اس سے بھی زیادہ شاندار تھا جب انھوں نے گیند کو گول کیپر کے اوپر سے ہی گول پوسٹ میں ڈال دیا۔ اس طرح اب مارٹج کے تمام اولمپکس میں ریکارڈ 14 گول ہوگئے ہیں۔ ارجنٹائن نے خسارے میں جانے کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور حریف گول پوسٹ پر بڑھ چڑھ کر حملے کیے مگر قسمت نے ساتھ نہیں دیا، یہ ڈچ سائیڈ کا مسلسل چوتھا اولمپک ٹائٹل ہے، اسی طرح ارجنٹائن کی 35 سالہ کپتان لوسینا ایمار نے بھی مسلسل چوتھا اولمپک میڈل جیتا مگر اس میں سونے کا کوئی تمغہ نہیں۔

دریں اثنا ہفتے کو مینزہاکی ٹیم ایونٹ میں ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا نے میزبان برطانیہ کو3-1 سے مات دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا، بیلجیئم نے اسپین کو 5-2 سے ہراکر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ بھارت نے رسوائیوں کی نئی داستان رقم کردی، پانچ مرتبہ کی چیمپئن سائیڈ کو مسلسل چھٹی ناکامی کے بعد ایونٹ کی سب سے آخری 12 پوزیشن مل پائی، جنوبی افریقہ نے بھی بھارت کو 3-2 سے ٹھکانے لگادیا، اس سے قبل بھارت کی اولمپکس میں بدترین کارکردگی 1996 کے اٹلانٹا گیمز میں آٹھویں پوزیشن تھی۔

Recommended Stories

Load Next Story