
ایکسپریس نیوز کے مطابق قصور میں زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے بعد قتل کی گئی معصوم بچی زینب کے والد امین انصاری نے اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کے توسط سے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مجرم عمران نے سزا کے خلاف عدالت عالیہ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا لیکن عدالتوں نے شواہد اور بیانات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کی اپیلیں مسترد کردیں، قانون کے مطابق مجرم کو دی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کیا جائے اور اسے سرعام پھانسی دی جائے تاکہ پھر کوئی اس قبیح فعل کا مرتکب نہ ہو۔
زینب قتل کیس
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 17 فروری کو قصور کی 7 سالہ زینب سے زیادتی و قتل کے مجرم عمران کو 4 بار سزائے موت سنائی تھی، مجرم عمران کو زینب کے علاوہ بھی کئی بچیوں کا قاتل بتایا گیا ہے، اس حوالے سے اس کا ڈی این اے بھی میچ کرگیا ہے۔ مجرم نے اپنی سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا لیکن عدالت کی جانب سے اس کو سنائی گئی سزا کو برقرار رکھا گیا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔