زینب کے قاتل کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کے لیے درخواست دائر

لاہور ہائی کورٹ میں درخواست زینب کے والد امین انصاری کی جانب سے دائر کی گئی ہے

عدالت نے 17 فروری کو مجرم عمران کو 4 بار سزائے موت سنائی تھی فوٹو: فائل

ننھی زینب کے والد نے اپنی بچی کے قاتل کو سرعام پھانسی کی سزا دینے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قصور میں زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے بعد قتل کی گئی معصوم بچی زینب کے والد امین انصاری نے اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کے توسط سے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔


درخواست میں کہا گیا ہے کہ مجرم عمران نے سزا کے خلاف عدالت عالیہ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا لیکن عدالتوں نے شواہد اور بیانات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کی اپیلیں مسترد کردیں، قانون کے مطابق مجرم کو دی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کیا جائے اور اسے سرعام پھانسی دی جائے تاکہ پھر کوئی اس قبیح فعل کا مرتکب نہ ہو۔

زینب قتل کیس


انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 17 فروری کو قصور کی 7 سالہ زینب سے زیادتی و قتل کے مجرم عمران کو 4 بار سزائے موت سنائی تھی، مجرم عمران کو زینب کے علاوہ بھی کئی بچیوں کا قاتل بتایا گیا ہے، اس حوالے سے اس کا ڈی این اے بھی میچ کرگیا ہے۔ مجرم نے اپنی سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا لیکن عدالت کی جانب سے اس کو سنائی گئی سزا کو برقرار رکھا گیا۔
Load Next Story