KARACHI:
شام کے دارالحکومت میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکا دمشق میں ضلع مرجح میں وزارت داخلہ کی پرانی عمارت کے قریب ہوا، ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔ امدادی ٹیموں نے فوری کاروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق دھماکا انتہائی شدید تھا جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ شام میں سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان جاری خانہ جنگی کے دوران ہزاروں افراد ہلاک جبکہ لاکھوں پڑوسی ملکوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔