اے پی سی میں شامل جماعتوں کا کراچی میں فوج کی زیر نگرانی انتخابات کرانے کا مطالبہ

اے پی سی میں نگران حکومت کی جانب سے انتخابی مہم چلانے والوں کے تحفظ کے لئے 18 نکاتی ضابطہ اخلاق بھی پیش کیا گیا


ویب ڈیسک April 30, 2013
سیاسی جماعتوں کو انتخابی میٹنگ کے لئے 72 گھنٹے پہلے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے اجازت لینی ہوگی، ضابطہ اخلاق۔ فوٹو پی پی آئی

آل پارٹیز کانفرنس میں شریک 17 سیاسی اورمذہبی جماعتوں نے فوج کی نگرانی میں انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی کی زیر صدارت ہونے والی کانفرنس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، اس موقع پر نگران حکومت کی طرف سے انتخابی مہم چلانے والوں کے تحفظ کے لئے 18 نکاتی ضابطہ اخلاق بھی پیش کیا گیا، ضابطہ اخلاق کے مطابق امیدوار انتخابی مہم میں وال چاکنگ نہیں کریں گے اور تمام اجتماعات مخصوص مقامات پر کئے جائیں گے، انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار لاؤڈ اسپیکروں کا استعمال، جلسے جلوس اور پولنگ کے اوقات میں ہر طرح کی شرانگیز کارروائیوں سے اجتناب کریں گے، کسی بھی عوامی ملکیت یا جگہ پر جماعتی پرچم کشائی کرنا سیاسی جماعتوں کے لئے ممنوع ہوگا، پٹاخوں کا استعمال یا دوسری دھماکا خیز اشیا کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، سیاسی جماعتیں عوامی ریلیاں اور جلسے جلوس مخصوص راستوں پر نکالنے کے پابند ہوں گی، سیاسی جماعت کے منتظمین رضا کار فراہم کریں گے جو پولیس کے ساتھ مل کر چیکنگ و جامع تلاشی لیں گے۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتوں کو انتخابی میٹنگ کے لئے 72 گھنٹے پہلے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے اجازت لینی ہوگی، عوامی میٹنگ اور جلسے جلوسوں میں اسلحے کی نمائش اور ساتھ لے کر چلنے کی سخت ممانعت ہوگی، کسی بھی شخص کے بنیادی حقوق اور ذاتی تقدس کو پامال نہیں کیا جائے گا، امیدوار علاقائیت و فرقہ واریت کو ابھارنے والی تقریر سے پرہیز کریں گے، تمام سیاسی جماعتیں قیام امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں