لندن گیمز کے ویمنز ہیمر مقابلوں میں غلط پیمائش سے تنازع کھڑا ہوگیا
اصل تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب منتظمین نے غلط پیمائش کی وجہ سے چین کی ژینگ وینکس کو برانز میڈل کا حقدار قرار دیا.
ویمنز ہیمر مقابلوں میں غلط پیمائش سے تنازع کھڑا ہوگیا، اس مقابلے میں روس کی ٹاٹانیا لیسینکو نے گولہ 78.18 میٹر کے فاصلے پر پھینک کر نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ گولڈ میڈل بھی حاصل کیا، سلور میڈل پولینڈ کی انیتا ولوڈرزک نے جیتا، اصل تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب منتظمین نے غلط پیمائش کی وجہ سے چین کی ژینگ وینکس کو برانز میڈل کا حقدار قرار دیا،
ورلڈ ریکارڈ ہولڈر جرمنی کی بیٹی ہیڈلر کی پانچویں تھرو کی پیمائش الیکٹرونک طور پر تو ہوئی مگر وہ ڈیٹا میں شامل نہیں ہوسکی، جس کی وجہ سے ان کو دوبارہ گولہ پھینکنے کو کہا گیا مگر وہ ژینگ سے پیچھے رہیں، بعد میں آفیشلز نے دیکھا کہ ان کا پہلا گولا کافی آگے گرا تھا اس لیے ژینگ کی جگہ ہیڈلر کو برانز میڈلسٹ قرار دے گیا۔ اس فیصلے کے خلاف چین نے فوری طور پر اپیل کی مگر انٹرنیشنل ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن نے تین گھنٹوں تک معاملے کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ برقرار رکھا۔