مشرف کے حامیوں کی نواز شریف سے وفاداری قیامت کی نشانی ہے چوہدری نثار

عزت سے سیاست کی کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا، سابق وزیر داخلہ


ویب ڈیسک June 23, 2018
عزت سے سیاست کی ہے کسی کے سامنے سرنہیں جھکایا، چوہدری نثار . فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ قیامت کی نشانیاں ہیں کہ مشرف کے حمایتی آج نواز شریف سے وفاداری کے معیار قائم کررہے ہیں۔

راولپنڈی میں حلقہ این اے 59 کے علاقے چک بیلی خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ چوہدری نے کہا کہ میں کسی ٹکٹ کا محتاج نہیں، اوپر اللہ اور نیچے اس کی مخلوق کا محتاج ہوں اور 25 جولائی کو یہ مخلوق خدا چوہدری نثار کے مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرائے گی۔

چوہدری نثار نے کہا کہ میرے لیے تمام دروازے کھلے ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ جتنی چاہے ٹکٹیں لے لو، اگر ٹکٹ اہم ہے تو صرف ایک درخواست ہی دینی تھی ناں، اگر اقتدار کی لالچ ہوتی تو ایک سال سے وزارت چھوڑ کر نہ بیٹھا ہوتا۔ انکا کہنا تھا کہ اس حلقے پر ساری دنیا کی نظریں ہوں گی، اس بارکوئی شک نہیں کہ یہاں سے ریکارڈ کامیابی حاصل ہوگی، مخالفین بھی آئیں اور اس حلقے سے الیکشن لڑیں کیوں کہ مخالفین ہمارے دشمن نہیں، دوست ہیں۔

چوہدری نثار نے کہا کہ آپ کے پاس ایک شخص ٹیکسلا سے ووٹ لینے آئے گا، اس شخص کی ایم اے، بی اے کی ڈگری جعلی ہے اور میٹرک بھی فیل ہے، میرا مخالف شخص 8 سال مشرف کی وردی کے پیچھے چھپتا رہا، اس شخص کی پہچان یہ ہے کہ یہ میرا مخالف ہے، اس لیے پیپلز پارٹی اور مشرف نے اسے وزیر بنایا اور اسی شخص کو میری مخالفت کی وجہ سے عمران خان نے ٹکٹ دیا، جوشخص مشرف دورمیں (ق) لیگ کا ایم پی اے رہا آج نواز شریف سے وفاداری دکھا رہا ہے، قیامت کی نشانیاں ہیں کہ مشرف کے حمایتی آج نوازشریف سے وفاداری کے معیار قائم کر رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے عزت سے سیاست کی ہے، کسی کے سامنے سرنہیں جھکایا، کسی کی خوشامد نہیں کی، کوئی فیکٹری نہیں لگائی، کوئی لائسنس نہیں لیا، کوئی پیٹرول پمپ نہیں لگایا، 34 سال اس علاقے کا مان رکھا، گلی گلی کوچوں میں خدمت کی، علاقے کے لوگ کہتے ہیں آج چوہدری نثار پر مشکل وقت ہے اس لیے سب بھلا کر ساتھ دینا ہے، آپ نے اکٹھا ہو کر میرا دل خوش کردیا اور مخالفوں کے سینوں میں دہشت ڈال دی کیوں کہ جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا کرم ہو دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی اور مجھے یقین ہے 25 جولائی کوآپ سیاسی مخالفین کو بے یارو مددگار روانہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |