نوازشریف کے خلاف عمران خان اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر گئے شہبازشریف

تیر، بلا اور سائیکل مل گئے ہیں اور زرداری صاحب نے سارے انتخابی نشان مشترکہ طور پر آپس میں ہی بانٹ دیئے ہیں، شہباز شریف


ویب ڈیسک April 30, 2013
پنجاب کی 700میگاواٹ بجلی صوبے سے باہر جارہی ہے اور خان صاحب ہم پر الزام تراشی کررہے ہیں،شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان دوسروں کے بجائے اپنی باریوں کی بات کریں، انہوں نے ہمارے چیلنج کا تو جواب نہیں دیا اب مناظرے کی بات کس منہ سے کرتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان نے نوازشریف کے خلاف اخلاقیات کی تمام حدیں پھلانگ دیں لیکن وہ عمران خان کے خلاف اخلاق سے گری ہوئی بات نہیں کریں گے،وہ عمران خان کو بلے باز کہتے ہیں کیونکہ وہ بلے باز ہیں۔ عمران خان نے ہمیں تمام مسائل کا ذمہ دار قرار دے کر پیپلز پارٹی کو اس کی تمام کرپشن پر کلین چٹ دے دی۔ عمران خان رینٹل پاور کی اربوں روپے کی کرپشن پرپیپلز پارٹی کو کلیئر قرار دے رہے ہیں، نندی پور اور چیچو کی ملیہ میں 950 میگا واٹ کے منصوبے بند پڑے ہیں اس کی بھی ذمہ داری ہم پر ڈالی جارہی ہے، پنجاب کی یومیہ 700 میگاواٹ بجلی کراچی کو دی جارہی ہے۔ ان تمام باتوں کے باوجود وہ صدر زرداری کو بری الذمہ اور ہمیں ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔عمران خان کو میٹرو بس منصوبے پر اعتراض ہے جس کے ذریعے روزانہ سوا لاکھ افراد اپنے روزگار پر جاتے ہیں، عمراں خان ہم پر باریوں کا الزام لگاتے ہیں اپنی باریوں کی بات نہیں کرتے انہوں نے آٹھ بار انتخابات میں حصہ لیا اور ناکام ہوئے، پرویز مشرف کے ساتھ انہوں نے باری کھیلی اور پھر قوم سے معافی بھی مانگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان مناظرے کا چیلنج کرتے ہیں خود تو وہ ہمیشہ بھاگ جاتے ہیں ،انہوں نے پہلے کہا کہ میٹرو بس پر 70 ارب روپے لگے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے جب ثبوت مانگے تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا، عمران خان نے کہا تھا نوازشریف کے حلقے سے الیکشن لڑیں گے مگر بھاگ گئے۔ عمران خان کی ان ہی باتوں کی وجہ سے وہ کہتے ہیں کہ تیر، بلا اور سائیکل مل گئے ہیں اور زرداری صاحب نے سارے انتخابی نشان مشترکہ طور پر آپس میں ہی بانٹ دیئے ہیں۔ لیکن 11مئی کو تیر، بلا اور سائیکل تتربترہوجائیں گے،شہباز شریف نے رحمان ملک کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ جھوٹوں کے آئی جی ہیں، رحمان ملک نے دہری شہریت سے متعلق سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |