سانگلہ ہل نوازشریف کے خطاب سے قبلن لیگ کے دوگروپوں میں تصادم کئی زخمی
پنڈال میں خاص جگہوں کے لئے دونوں امیدواروں کے حامیوں نے مخالفین کے خلاف مکوں، لاتوں، ڈنڈوں اور کرسیوں کا استعمال کیا
مسلم لیگ(ن) کے صدر نوازشریف کے خطاب سے قبل پنڈال پر قبضے کے لئے 2گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔
سانگلہ ہل میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں دو امیدواروں کے حامیوں کے درمیان نشستوں پر جھگڑا ہوگیا اور دونوں امیدواروں کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی تاہم مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت نے معاملہ رفع دفع کرادیا تاہم جیسے ہی میاں نواز شریف کی آمد ہوئی، پنڈال میں خاص جگہوں کے لئے دونوں امیدواروں کے حامیوں میں ایک بار پھر جھگڑا ہوگیا، جس میں انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر کھل کر مکوں، لاتوں، ڈنڈوں اور کرسیوں کا استعمال کیا جس کے دوران کئی افراد زخمی ہوگئے۔ اس موقع پر پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے مجمع کو کنٹرول کرنے کے لئے لاٹھی چارج بھی کیا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے سانگلہ ہل سے صوبائی اسمبلی کے لئے باضابطہ امیدوار کا اعلان نہیں کیا۔ اورعرفان الحسن بھٹی اور طارق محمود باجوہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں پارٹی کی قیادت کا کہنا ہے کہ دونوں امیدوار میں سے جو بھی کامیاب ہوگا اسے مسلم لیگ (ن) کا امیدوار سمجھا جائے گا۔