عراقی فضائیہ کی شامی صوبے دیرالزور میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری 45 جنگجو جاں بحق

مرنے والوں میں داعش کے سینئر رہنما بھی شامل، عراقی فضائیہ کی بمباری میں داعش کے 3 گھر تباہ


News Agencies June 24, 2018
شامی علاقے حاجن میں داعش کے رہنماؤں کی میٹنگ جاری تھی کہ ایف 16جنگی طیاروں نے بمباری کردی۔ فوٹو : فائل

عراقی فوج نے شامی علاقے میں بمباری کر کے داعش کے 45 جنگجوؤں کو جاں بحق کر دیا، مرنے والوں میں داعش کے سینئر کمانڈر بھی شامل ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق عراقی فضائیہ کے ایف 16جنگی طیاروں نے شام کے مشرقی صوبے دیر الزور میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، عراقی فضائیہ نے داعش جنگجوؤں کے 3 ٹھکانوں کو تباہ کیا، ذرائع کے مطابق شامی علاقے حاجن میں داعش کمانڈروں کی میٹنگ جاری تھی جسے نشانہ بنایا گیا۔

امریکا نے روس کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں کشیدگی میں کمی کے لیے اسد فوج کو پابند کرے ورنہ کشیدگی کا ذمے دار ماسکو ہو گا، معاہدے سے روگردانی کے خطرناک نتائج ہوں گے۔

اقوام متحدہ میں امریکی خاتون سفیر نکی ہیلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسد رجیم کی جانب سے جنوب مغربی شام میں کشیدگی نہ بڑھانے کے معاہدے کی سختی سے پابندی کرنا ہوگی، ان کا کہنا تھا توقع ہے کہ روس کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا، انھوں نے روس پر زور دیا کہ وہ اپنے اتحادی اسد رجیم کو جنوب مغربی شام میں محاذ آرائی کی صورت حال پیدا کرنے سے روکے ورنہ اس کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

امریکی سفیر نے خبردار کیا کہ شام میں کوئی نئی کشیدگی پیدا ہوتی ہے تو آخر کار اس کا ذمے دار روس ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔