کبڈی بھارت نے کرکٹ کے برعکس پالیسی اپنالی

انٹرنیشنل میچز میں پاکستان سے کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں، وردھان سنگھ


Sports Reporter June 24, 2018
انٹرنیشنل میچز میں پاکستان سے کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں، وردھان سنگھ۔ فوٹو: فائل

بھارت نے کبڈی میچز کے معاملے میں کرکٹ کے برعکس پالیسی اپنالی۔

بھارتی وزیر کھیل راجیہ وردھان سنگھ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں، ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد کبڈی اولمپک گیمز کا حصہ بن جائے گا۔

یو اے ای میں جاری دبئی ماسٹر کبڈی کپ میں پاکستان کے خلاف بھارتی ٹیم کی فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ کبڈی کے کھیل میں وہ تمام لوازمات ہیں جو اولمپک میں کسی بھی گیمز کے لیے ضروری ہوتے ہیں، اس وقت دنیا میں مجموعی طور پر 33 ممالک ایسے ہیں جو کبڈی کھیلتے ہیں، مجھے امید ہے کہ بہت جلد مزید ممالک اس کھیل کا حصہ بن جائیں گے۔

بھارتی وزیر کھیل نے امید ظاہر کی کہ جب بھی کبڈی اولمپکس گیمز کا حصہ بنا تو بھارت میگا ایونٹ کا پہلا طلائی تمغہ جیتنے میں ضرور کامیاب ہوگا۔ ایک سوال پر راجیہ وردھان سنگھ راٹھور نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کہا جاتا تھا کہ بھارت میں کرکٹ کے ہوتے ہوئے کوئی اور گیمز مقبول نہیں ہوسکتا، اب ہمارے ملک میں کبڈی سمیت متعدد دوسرے گیمز آگے آرہے ہیں۔

راٹھور جو بھارتی آرمی میں کرنل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے، انھوں نے اپنے کیریئر کے دوران کامن ویلتھ گیمز اور ایشن گیمز میں متعدد میڈلز اپنے نام کیے، ان کا کہنا ہے کہ کبڈی کے کھلاڑی اپنی محنت اور قابلیت کے بل بوتے پر صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کر رہے ہیں، یہ کھلاڑی ایئرپورٹس جاتے ہیں تو ان کے پرستار ان کے ساتھ تصویریں بناتے اور آٹوگراف لیتے ہیں، یہ کبڈی کے کھیل کے لیے اچھی علامت ہے۔

جب بھارتی وزیر کھیل سے پوچھا گیا کہ بھارتی کبڈی ٹیم پاکستان کے ساتھ یو اے ای میں کھیل رہی ہے تو دونوں ملکوں کی کرکٹ ٹیمیں کیوں دبئی میں نہیں کھیل سکتیں تو ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ ملٹی نیشنل ایونٹ ہے اس کے باوجود ہمیں دونوں ٹیموں کے ساتھ کھیلنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔