فارم اچھی نہیں اظہر علی نے سلیکٹرز کا فیصلہ قبول کر لیا

برطانیہ میں عمدہ کارکردگی نہیں دکھا سکا،بہتری کیلیے کوشش کروں گا، بیٹسمین


Sports Reporter June 24, 2018
برطانیہ میں عمدہ کارکردگی نہیں دکھا سکا،بہتری کیلیے کوشش کروں گا، بیٹسمین۔ فوٹو: فائل

اظہر علی نے دورئہ زمبابوے کیلیے ڈراپ کرنے کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ برطانوی ٹور میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔

قومی کرکٹر اظہر علی نے اعتراف کیاکہ دورئہ انگلینڈ میں ان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی،انھوں نے کہا کہ میں اپنی فٹنس بہتر بنانے پر توجہ دے رہا ہوں، خامیاں دور کرنے کیلیے سمر کیمپ میں بھی شرکت کروں گا۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق کپتان نے مزید کہا کہ زمبابوے میں میچز آسان نہیں ہونگے، میزبان ٹیم ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹف ٹائم دے سکتی ہے، پاکستان کو بھرپور منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے جیت کیلیے محنت کرنا ہوگی،انھوں نے کہا کہ گرین شرٹس اچھی فارم میں ہیں، امید ہے کہ سہ ملکی ٹورنامنٹ کے بعد زمبابوے کیخلاف سیریز بھی جیتیں گے۔

ایک سوال پر اظہر علی نے کہا کہ سلیکٹرز نے ٹیم کا انتخاب سیریز کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہوگا،میں اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر مایوس نہیں اور واپسی کیلیے کوشش جاری رکھوں گا، امید ہے کہ ٹیم کامیاب رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ہی مجھے سب کچھ دیا، میں ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، کوشش کروں گا جو بھی وقت بچا اسے کارآمد بناؤں، بہت جلد گراؤنڈ میں دوبارہ ایکشن میں نظرآؤں گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔