زربابا چالیس چوروں نے معیشت تباہ کی اورپنجاب کو اندھیروں میں ڈبویا شہباز شریف

پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے خاتمےکیلئے وفاقی حکومت نے تعاون نہیں کیا اگرحکومت تعاون کرتی تو حالات اتنےبدترنہ ہوتے،شہباز شریف


ویب ڈیسک April 30, 2013
عوام نے آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو اکثریت نہیں دلائی تو پھر لولی لنگڑی حکومت بنے گی، شہباز شریف فوٹو: فائل

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے خلاف پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور(ق) لیگ اکٹھے ہوگئے ہیں لیکن 11 مئی کو عوام تیر،سائیکل اوربلے کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے۔

علی پور چٹھہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شیر عمران خان کے اعصاب پر سوار ہوگیا ہے، پنجاب کی صنعتیں بند ہوگئیں لیکن عمران خان کہتے ہیں اس میں آصف زرداری کا قصور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ زربابا چالیس چوروں نے ملک کی معیشت، صنعت اور زراعت تباہ کردی، پنجاب کو اندھیروں میں ڈبو دیا گیا، نندی پور اور چیچو کی ملیاں منصوبے چلنے نہیں دیئے گئے لیکن 11 مئی کو عوام کو ملک لوٹنے والوں سے آزادی مل جائے گی اور یہ دن ان کے لئے یوم حساب ہوگا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے رینٹل پاور منصوبے کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ رینٹل پاور کرپشن اور لوٹ مار کا منصوبہ تھا جس کے ذریعے پاکستان کو تباہ کیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے وفاقی حکومت نے تعاون نہیں کیا، اگر حکومت تعاون کرتی تو آج حالات اتنے بدتر نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں جنہوں نے مستقبل میں ملک کی دوڑ بھاگ سنبھالنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام نواز شریف کے ووٹ کو تقسیم نہ ہونے دیں اور بھاری اکثریت سے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں کیونکہ اگر (ن) لیگ کو اکثریت نہیں ملی تو چھوٹی پارٹیاں حصہ مانگیں گی اور لولی لنگڑی حکومت بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں