صنعتی الیکٹریکل والیکٹرونک نمائش31جولائی سے ہوگی

انجینئرنگ سیکٹرکومواقع کی آگہی ہوگی،کنوینر،تقریب میں ناہیدمیمن نے تعاون کا یقین دلایا


Business Reporter June 24, 2018
انجینئرنگ سیکٹرکومواقع کی آگہی ہوگی،کنوینر،تقریب میں ناہیدمیمن نے تعاون کا یقین دلایا۔ فوٹو فائل

پاکستان کی سب سے بڑی بین الاقوامی الیکٹریکل اور الیکٹرونک نمائش ''انڈسٹریل الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونک ایگزیبیشن آف پاکستان'' کراچی ایکسپو سینٹر میں 31 جولائی سے 2 اگست تک منعقد ہو گی۔

نمائش کے کنوینر انجینئر ایم عرفان شیخ نے کہا کہ یہ شو انجینئرنگ صنعت کومعاون ماحول فراہم کرتا ہے جہاں حکومتی ذمے داران، پالیسی ساز اس شعبے میں ترقی کے مواقع اور نئے منصوبوں کے حوالے سے آپس میں مل سکیں گے، اس شو میں انہیں آٹو میشن، پاور جنریشن، انرجی کنزرویشن، الیکٹرونک، الیکٹریکل اور دیگر شعبوں سمیت ملک میں موجود نئے مواقع کے بارے میں پتا چل سکے گا، اس پلیٹ فارم سے نہ صرف وہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے بلکہ ترقی کے مواقع کے بارے میں بھی جان سکیں گے۔

ایگزیبیشن کے نائب صدر کراچی سینٹر انجینئر پرکاش لوہانہ نے کہا کہ الیکٹریکل انجینئرنگ کی صنعت میں موجود درپیش چیلنجز اور ترقی کے حوالے سے اس شعبے کے انجینئر موجودہ ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل معلومات سے مستفید ہوں گے، اس کے علاوہ وہ جدید ٹیکنالوجی کا بھی مشاہدہ کر سکیں گے، یہ نمائش تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرے گی۔

سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی چیئرپرسن ناہید میمن نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد میں انسٹیٹیوشن آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونک انجینئرز آف پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں جو اس نمائش کی کامیابی کے ساتھ اس نمائش کا انعقاد کررہا ہے۔ انہوں نے اس شعبے کی ترقی اور فروغ کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اس نمائش کی کامیابی کے لیے پر امید ہیں۔

اس موقع پر انسٹی ٹیوشن ساؤتھ کے نائب صدر نوید انصاری نے کہا کہ اس شعبے کی صنعتوں، کمپنیوں، تجزیہ کاروں، مندوبین اور تجارتی وفود کو اپنی مصنوعات پیش کرنے کے ساتھ جدید ترقی کے بار ے میں آگہی بھی حاصل ہوگی اور وہ الیکٹرونیکل اور الیکٹرک شعبوں کے درپیش چیلنجز کے لیے نئی ٹیکنالوجیز اور سلوشنز تیار کرسکیں گے۔ انہوں نے نمائش کے منتظمین اور بدر ایکسپو سلوشنز کے کردار کو سراہا۔

شو کا انعقاد انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونک انجنیئرز پاکستان (آئی ای ای ای پی) کراچی سینٹر کررہا ہے جبکہ ایونٹ منیجر بدر ایکسپو سولوشنز ہے، اس نمائش میں الیکٹریکل اور الیکٹرونک اور اس سے متعلقہ دیگر شعبوں سے وابستہ کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں، یہ نمائش تین دن تک جاری رہے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |