نائیجیریا سے اہم ترین ورلڈکپ میچ میراڈونا ارجنٹائنی ٹیم سے ملاقات کے خواہاں

میری خواہش ہے کہ نائیجیریا کیخلاف میچ سے قبل ملکی پلیئرز سے ملاقات کرکے ان کے حوصلوں کو توانا کرپاؤں، میراڈونا

میری خواہش ہے کہ نائیجیریا کیخلاف میچ سے قبل ملکی پلیئرز سے ملاقات کرکے ان کے حوصلوں کو توانا کرپاؤں، میراڈونا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

سابق اسٹار ڈیاگو میراڈونا نے روس میں جاری ورلڈ کپ میں مشکلات کا شکار ارجنٹائنی فٹبال ٹیم کو مشورے دینے کی ٹھان لی جب کہ اس مقصد کے لیے انھوں نے نائیجیریا کیخلاف ٹیم کی آخری گروپ میچ سے قبل ملکی اسکواڈ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کردیا۔

دو بار کی ورلڈ چیمپئن سائیڈ کو ورلڈکپ کے ابتدائی راؤنڈ سے باہر ہونے کی خفت سے بچنے کیلیے افریقی ملک کیخلاف لازمی فتح درکار ہے، میراڈونا نے کہا کہ میں یہاں موجود ہوں اور میری خواہش ہے کہ نائیجیریا کیخلاف میچ سے قبل ملکی پلیئرز سے ملاقات کرکے ان کے حوصلوں کو توانا کرپاؤں۔


میراڈونا حالیہ دنوں میں ارجنٹائنی کوچ جورج سیمپولی اور اسٹرائیکر سرجیو اگیورو پر کھل کر تنقید بھی کرچکے ہیں، انھوں نے کہا کہ میں ملکی ٹیم کی حالیہ پرفارمنس پر اندر سے خاصا اپ سیٹ ہوں کیونکہ جو کوئی بھی ارجنٹائن کی شرٹ زیب تن کرتا ہے میں اسے ہارتا ہوا دیکھنا پسند نہیں کرتا، ہماری ٹیم کو کروشیا سے بدترین شکست ہوئی، وہ جرمن ٹیم نہیں تھی، نہ وہ برازیل تھی اور نہ ہی ہالینڈ یا اسپین۔

دوسری جانب ارجنٹائنی اسکواڈ میں شامل پلیئر زیویئر میسچیرینو نے کھلاڑیوں اور کوچ سیمپولی کے درمیان اختلافات کی بھی تردید کی ہے۔

 
Load Next Story