شیروں کی دھاڑ سے پاناما لرز اٹھا انگلینڈ نے 61 سے میدان مار لیا

کپتان ہیری کین نے عمدہ کھیل پیش کرکے شائقین کے دل موہ لیے۔


خبر ایجنسی June 25, 2018
اسٹونز نے 2 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی،گروپ جی سے بیلجیئم نے بھی پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ میں شیروں کی دھاڑ سے پاناما لرز اٹھا، انگلینڈ نے6-1 سے میدان مارلیا جب کہ کپتان ہیری کین نے عمدہ کھیل پیش کرکے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دے ڈالا۔

ورلڈ کپ کے گروپ جی میں انگلینڈ نے مقابلے کا آغاز سست رفتاری سے کیا، پہلا گول پاناما کو بنانا چاہیے تھا جس کا اسے پانچویں ہی منٹ میں بہترین موقع میسر آیا مگر سینٹرل امریکی ٹیم کی جانب سے انگلش ڈیفنس میں رخنہ ڈالنے کے باوجود اینیبیل گوڈوئے نے گیند کو گول پوسٹ سے باہر اچھال دیا۔

ابھی اس غلطی کا پچھتاوا کم نہیں ہوا تھا کہ انگلینڈ نے آٹھویں منٹ میں جان اسٹونز کے ہیڈرر پر گول کی بدولت برتری حاصل کرلی، یہ اسٹونز کا انگلش جرسی میں پہلا گول تھا۔ 22 ویں منٹ میں انگلینڈ نے اپنی برتری کو دگنا کیا جب کپتان ہیری کین نے پنالٹی کو کارآمد بناتے ہوئے گیند کو جال میں ڈالا۔

اس کے ساتھ ہی گویا پاناما کے گول پوسٹ پر انگلش کیمپ کی جانب سے گولہ باری شروع ہوگئی، 36 ویں منٹ میں جیس لینگارڈ نے 20 گز کی دوری سے ایسی کک لگائی کہ گول کیپر جیم پینیڈو کے پاس سوائے اظہار بے بسی کے اور کوئی چارہ نہیں تھا۔ 4 منٹ بعد اسٹونز نے اپنا دوسرا گول کیا، اس مرتبہ بھی انھوں نے گیند کو ہیڈرر کے ذریعے ہی جال کی راہ دکھائی مگر اس پر پاناما نے اعتراض کردیا، اس کی آف سائیڈ سے متعلق شکایت پر معاملہ ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کے پاس بھیج دیا گیامگر وہاں سے گول کو درست قرار دیا گیا۔

ہیری کین نے اپنا دوسرا گول بھی پنالٹی پر فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم میں کیا، اس طرح انگلینڈ کی پہلے ہی ہاف میں برتری 5-0 ہوگئی، یہ ورلڈ کپ میں پہلا موقع تھا جب پہلا ہاف ختم ہونے سے پہلے انگلش ٹیم 5 گول جڑ چکی تھی۔ 62 ویں منٹ میں ہیری کین کی ہیٹ ٹرک اتفاقی طور پر اس وقت مکمل ہوئی جب روبین لوفٹس چیک کی کک پر گیند انگلش کپتان کی ایڑی سے ٹکرا کر جال میں چلی گئی۔ اب کی بار بھی ریفری نے وی اے آر سے آف سائیڈ چیک کی اور گول کو قانونی قرار دے دیا۔

یہ 1986 کے بعد کسی بھی انگلش فٹبالر کی ورلڈ کپ میں پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔ دوسرے ہاف میں جورڈن ہینڈرسن اور رحیم اسٹرلنگ کے زوردار حملے ناکام ثابت ہوئے، 78 ویں منٹ میں پاناما کے فلپ بالوئے نے گیند کو گول پوسٹ کی راہ دکھاکر اپنی ٹیم کا واحد گول کیا۔

6-1 کی اس کامیابی کے ساتھ ہی انگلش ٹیم 2010 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے، اس کے ساتھ بیلجیئم کی ٹیم بھی اب لاسٹ 16 کیلیے کوالیفائی کرچکی ہے جبکہ تیونس کے بعد اس گروپ سے پاناما بھی آؤٹ ہوگیا ہے، اب جمعرات کو انگلینڈ اور بیلجیئم کے درمیان اس گروپ کا آخری میچ ہوگا۔

دن کا دوسرا میچ گروپ ایچ کی ٹیموں سینیگال اور جاپان کے درمیان ہوا، جہاں پر سینیگال کی جانب سے ساڈیو مین نے گیارہویں منٹ میں کھاتہ کھولا تاہم جاپان کے تاکاشی انوئی نے 34 ویں منٹ میں گیند کو جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے اسکور برابر کردیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں خوب مقابلہ ہوا آخر کار اس بار بھی بریک تھرو سینیگال کی جانب سے ہوا جب موسیٰ وگوئے نے گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے ٹیم کو 2-1 سے برتری دلائی مگر اس بار بھی خوشی عارضی ثابت ہوئے کیسیوک ہنڈا نے 78 ویں منٹ میں گول کرکے اسکور پھر 2-2 سے برابر کردیا ، اسی برابری پر ہی میچ کا اختتام ہوا۔ اس گروپ میں جاپان اور سینیگال دونوں ہی 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں