ادارہ قومی بچت ملازمین کا دفاتر میں شٹرڈاؤن کا اعلان

400 دفاترکی تالہ بندی، 4ہزارملازمین کی ہڑتال سے 70لاکھ سے زائد صارفین متاثر ہوں گے


Business Reporter June 25, 2018
400 دفاترکی تالہ بندی، 4ہزارملازمین کی ہڑتال سے 70لاکھ سے زائد صارفین متاثر ہوں گے۔ فوٹو: فائل

ادارہ قومی بچت ایمپلائز یونین (سی بی اے) اور آفیسرز ایسو سی ایشن نے ملک بھر کے دفاتر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے جس سے خدشہ ہے کہ قومی بچت کے 70لاکھ سے زائد صارفین متاثر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق 27جون تک وفاقی سیکریٹری خزانہ نے مطالبات منظور نہ کیے تو ادارہ قومی بچت کے 400سے زائد دفاتراور 4ہزار سے زائد ملازمین و افسران شٹرڈاؤن ہڑتال اور دفاتر کی تالہ بندی پرمجبور ہوجائیں گے۔ یہ ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہ سکتی ہے۔

ہڑتال سے 70لاکھ سے زائد کھاتہ دار جن میں اکثریت بیوہ خواتین اور عمر رسیدہ افراد کی ہے متاثر ہوں گے جس کی تمام تر ذمے داری وفاقی محکمہ خزانہ،وفاقی سیکریٹری خزانہ اور ادارہ قومی بچت کے ڈائریکٹر جنرل پر عائد ہوگی۔ہڑتال کے حوالے سے ایمپلائز یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکریٹری ندیم ستار نے ایک خط کے ذریعے ادارہ کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کا آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ، سیاسی، سماجی اور دیگر لیبر یونینز سے اپیل کے ہے کہ وہ شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج میں حمایت اور یکجہتی کا اظہار کریں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 27جون تک تمام مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد اورراولپنڈی میں ملازمین و افسران ڈی جی آفس کے باہر احتجاج کریں گے دیگر علاقوں میں ریجنل دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں