ن لیگ کے امیدوار ہی زیادہ عدالتوں کاسامنا کررہے ہیں شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ (ن) اپنا ریکارڈ لے کر عوام کے پاس جارہی ہے، سابق وزیراعظم


ویب ڈیسک June 25, 2018
مسلم لیگ (ن) اپنا ریکارڈ لے کر عوام کے پاس جارہی ہے، سابق وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عدالت کا فیصلہ سرآنکھوں پر ہے لیکن (ن) لیگ کے امیدوار ہی زیادہ عدالتوں کا سامنا کررہے ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اپنا ریکارڈ لے کر عوام کے پاس جارہی ہے جب کہ نوازشریف ہمارے لیڈر ہیں، عوام سمجھتے ہیں ان کا یہاں ہونا ممکن نہیں اور عوام نواز شریف کو رسپونڈ کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کاغذات نامزدگی میں کوئی مسئلہ نہیں، عدالت کا فیصلہ سرآنکھوں پر ہے، امیدوار کے بیان حلفی کو آر او چیلنج نہیں کرسکتا، ہمیشہ کہا ہے الیکشن کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں ترمیم سے پورے پاکستان میں مشکلات آئی ہیں، (ن) لیگ کے امیدوار ہی زیادہ عدالتوں کاسامنا کررہے ہیں جب کہ اپنے حلقے سے میں ہی (ن) لیگ کا امیدوار ہوں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے مقابلے میں امیدوار نامزد کرنا پارٹی کا فیصلہ ہے، کہوٹہ میں میرے خلاف احتجاج صرف 12 افراد نے کیا تھا، احتجاج ان کا حق اور یہ الیکشن مہم کی روح ہے، ٹکٹ نہ ملنے پر امیدوار اختلاف رائے کرتے ہیں اور پارٹی چھوڑتے بھی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب اقتدار میں آئے تو ساڑھے 3 ارب ڈالر تھے اور جاتے ہوئے 16 ارب ڈالر چھوڑ کرگئے جب کہ بجلی سے متعلق تمام حقائق لکھ کر میڈیا کو دیے تھے، پانی کی کمی کی وجہ سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی کم پیدا ہورہی ہے، بجلی سے متعلق نگراں حکومت سے سوال کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں