آئی پی ایلچنئی سپر کنگز نے پونے کا بھی چین لوٹ لیا

رائنا اوردھونی نے37 رنز سے فتح دلادی، موہت شرما نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا

انڈین پریمیئر لیگ : چنئی سپر کنگز کے اوپنر مائیک ہسی بولڈ ہونے پر مایوسی سے وکٹوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز نے پونے کا بھی چین لوٹ لیا، سریش رائنا اور مہندرا سنگھ دھونی نے اپنی ٹیم کو 37 رنز سے فتح دلادی، موہت شرما نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق پونے واریئرز کی ٹیم 165 رنز ہدف کے جواب میں 9 وکٹ پر 127 رنز بنا پائی، موہت شرما نے تیسرے اوور کی آخری دو بالز پر میزبان سائیڈ کو زبردست چوٹ پہنچائی، جب اوپنر ایرون فنچ 15 اور سمن صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے، روبن اتھاپا (10) نے جلد بازی میں رن آئوٹ ہوکر اپنی وکٹ گنوا دی، یوراج سنگھ بھی ٹیم کی صورتحال پر ہوش کے ناخن لینے کے بجائے 5 رنز پر شرما کی تیسری وکٹ بن کر چلتے بنے،کیچ دھونی نے تھاما، لیوک رائٹ اور ابھی شیک نائر دونوں ہی دو،دو کے انفرادی اسکورپر رن آئوٹ ہوئے، اسٹیون اسمتھ نے 35 رنز بناکر کچھ مزاحمت کی، ان کا ریٹرن کیچ جڈیجا نے لیا۔

 




کین رچرڈ سن کو 26 رنز پر مورس نے رائنا کی مدد سے قابو کیا، بھونیشور کمار نے ایک بار پھرآل رائونڈ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹ آئوٹ 24 رنز بنائے، موہت شرما نے3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،اس سے قبل چنئی نے 3 وکٹ پر 164 رنز اسکور کیے، اس بار مائیک ہسی ناکام ثابت ہوئے، انھیں 5 رنز پر رچرڈسن نے بولڈ کیا، وردھیمان ساہا 13 رنز بناکرشرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 103 رنز پر گرنے والی تیسری وکٹ بدری ناتھ کی تھی جنھوں نے 34 رنز بناکر رائٹ کی گیند پر اسمتھ کو کیچ تھما دیا۔



سریش رائنا 50 گیندوں پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے، دھونی نے 16 گیندوں پر ناقابل شکست 45 رنز اسکورکر کے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا، انھوں نے 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔ بدھ کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے، سن رائزرز حیدرآباد کا مقابلہ ممبئی انڈینز سے ہو گا، دہلی ڈیرڈیولز کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے ٹکرائے گی۔
Load Next Story